پاکستان برطانیہ کا اسلام آباد میں مشاورتی اجلاس،فریقین نے بین الاقوامی اسلحہ کنٹرول ‘ جوہری عدم پھیلاؤاور تخفیف اسلحہ کے شعبوں میں پیشرفت کا جائزہ لیا، مذاکرات کا چوتھا دور لندن میں ہوگا

ہفتہ 8 فروری 2014 08:27

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔8فروری۔2014ء)پاکستان اور برطانیہ کے درمیان ہتھیاروں پر کنٹرول ' ان کے عدم پھیلاؤ اور تخفیف اسلحہ کے بارے میں دوطرفہ مشاورت کا تیسرا دور جمعہ کے روز اسلام آباد میں ہوا۔سرکا ری میڈیارپورٹس کے مطابق مذاکرات خوشگوار اور دوستانہ ماحول میں ہوئے۔ دونوں اطراف نے بین الاقوامی اسلحہ کنٹرول ‘ جوہری عدم پھیلاؤاور تخفیف اسلحہ کے شعبوں میں پیشرفت کا جائزہ لیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے علاقائی اور سٹرٹیجک استحکام کے تسلسل سے متعلق امور کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ دوطرفہ اور کئی طرفہ فورموں پر تعاون کا بھی جائزہ لیا۔پاکستانی وفد کی قیادت ایڈیشنل سیکرٹری تسنیم اسلم نے کی جبکہ برطانیہ کے وفد کی قیادت دفاع اور بین الاقوامی سلامتی کی ڈائریکٹر سارا میکنٹوش کررہی تھی۔وفود نے علاقائی اور سٹریٹجک استحکام برقرار رکھنے سے متعلق امور اور دوطرفہ اور کثیر الجہتی فورموں پر تعاون کے متعلقہ شعبوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ دونوں اطراف نے مذاکرات کو مفید قرار دیتے ہوئے مذاکرات کا چوتھا دور باہمی طور پر متفقہ تاریخ پر لندن میں منعقد کرنے پر اتفاق کیا ۔