کارکنان کے ماورائے عدالت قتل کیخلاف متحدہ قومی موومنٹ کا آج یوم سوگ کا اعلان،الطاف حسین کا کارکنوں کے ماورائے عدالت قتل پر حکام بالا سے نوٹس لینے کا مطالبہ

ہفتہ 8 فروری 2014 08:23

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔7فروری۔2014ء)متحدہ قومی موومنٹ نیآج بروزہفتہ یوم سوگ کا اعلان کیا ہے۔ متحدہ قومی موومنٹ کے مرکز نائن زیرو میں ایم کیو ایم کے رہنما حیدرعباس رضوی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ متحدہ قومی موومنٹ آج بروزہفتہ یوم سوگ کا اعلان کرتی ہے، ٹرانسپورٹرز اور کاروباری حضرات کل کام بند رکھیں۔حیدر عباس رضوی کا مزید کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کے کارکنان کا ماورائے عدالت قتل کیا جارہا ہے، ایم کیوایم کے 45 کارکنان ایسے ہیں جن سے متعلق کوئی اطلاعات نہیں،ایم کیو ایم کے کارکنان کو ماورائے عدالت قتل کیا جارہا ہے۔

رہنماایم کیوایم حیدر عباس رضوی نے مزید کہا کہ ایم کیوایم کے 45 کارکنان ایسے ہیں جن سے متعلق کوئی اطلاعات نہیں، امن و امان کی صورت حال بہتر بنانے کے لیے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف فوجی آپریشن کی گزارش کی تھی۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ لاپتا کارکنان سے متعلق پتا نہیں کہ وہ زندہ ہیں یا قانون نافذ کرنے والے اداروں کے پاس ہیں، 3فروری کو محمد سلیمان اور ان کے بھانجے کو پولیس اہل کاروں نے کورنگی کراسنگ سے گرفتار کیا تھا، محمد سلیمان کی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق ان پر بدترین تشدد کیا گیاتھا۔

حیدر عباس رضوی کا کہنا تھا کہ ایم کیوایم کا موٴقف یہ رہا ہے کہ اگر کوئی شخص کسی جرم میں ملوث ہو تو اس کو عدالت میں پیش کیا جائے، ایم کیوایم کے نزدیک ماورائے عدالت قتل شہادت ہے۔حیدر عباس رضوی نے کہا کہ انسانی حقوق کی تنظیمیں کارکنان کے ماورائے عدالت قتل کا نوٹس لیں۔ اس موقع پر ایم کیو ایم کی رہنما نسرین جلیل کا کہنا تھا کہ کارکن کے قتل کی ایف آئی آرمیں آئی جی سندھ شاہدحیات کو نامزد ہونا چاہیے۔

ادھرایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے کارکنوں کے ماورائے عدالت قتل پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکام بالا سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔لندن سے جاری بیان میں متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے ایم کیوایم کے کارکنوں کے ماورائے عدالت قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 4 ماہ سے ایم کیوایم کے بے گناہ کارکنوں اور ہمدردوں کے ماورائے عدالت قتل کا سلسلہ جاری ہے اور آج تک اس کا کوئی نوٹس نہیں لیا گیا۔

الطاف حسین نے کہا کہ کورنگی سیکٹر کے یونٹ 75 کے کارکن سلمان نورالدین کو سادہ لباس میں ملبوس سرکاری اہلکاروں نے 3 فروری کو ان کے بھانجے کے ہمراہ گرفتارکیا اور 4 فروری کو شاہ لطیف ٹاؤن کے علاقے سے ان کی لاش برآمد ہوئی۔ پوسٹ مارٹم کی رپورٹ کے مطابق انہیں شدید تشدد کے بعد قتل کیا گیا۔الطاف حسین نے کہاکہ ایم کیوایم کا شروع دن سے ہی یہ مؤقف ہے کہ کسی بھی جماعت سے تعلق رکھنے والا اگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کومطلوب ہے تو اسے گرفتارکرکے عدالت میں پیش کیا جائے اور کسی بھی ملزم کے خلاف ماورائے آئین اور قانون اقدامات سے گریز کرتے ہوئے شہریوں کے بنیادی انسانی حقوق کا احترام کیاجائے۔

انہوں نے وزیراعظم نوازشریف، وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثارعلی، گورنر اور وزیراعلیٰ سندھ سے مطالبہ کیا کہ ماورائے عدالت قتل کے واقعات کا سنجیدگی سے نوٹس لیا جائے۔

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :