سعودی شہزادہ سلطان بن سلمان بن عبدالعزیز کی وزیراعظم نواز شریف ، صدر مملکت ممنون حسین سے ملاقاتیں،پاکستان اور سعودی عرب عالمی امن کے لئے اہم کردار ادا کر سکتے ہیں ،نواز شریف،تعلیم یافتہ نوجوان مسابقت کے دور میں پاکستان کو آگے لے جا سکتے ہیں،سماجی واقتصای ترقی کیلئے معیاری تعلیم ناگزیر ہے، وزیر اعظم کا سلطانہ فاؤنڈیشن کی تقریب سے خطاب

ہفتہ 8 فروری 2014 08:22

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔8فروری۔2014ء)وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب عالمی امن کے لئے اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔موجودہ صورت حال میں تعلیم ہی کامیابی کی کنجی ہے ۔جمعہ کو اسلام آباد میں سلام آباد میں سعودی شہزادہ سلطان بن سلمان بن عبدالعزیز کی والدہ سلطانہ ترکی السدیری کے نام سے منسوب سلطانہ فاوٴنڈیشن کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ شہزادہ سلطان بن سلمان کی اسلام آباد آمد اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب آپس میں دیرینہ تعلقات رکھتے ہیں اور دونوں ممالک کی بہت سی ثقافتی، مذہبی اور معاشرتی اقدار ایک دوسرے سے ملتی جلتی ہیں جو ایک دوسرے سے خوش گوار برادرانہ تعلقات قائم رکھنے کا باعث ہیں۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان سعودی عرب کے لئے دوسرے گھر کا درجہ رکھتا ہے اور پاکستانی قوم سعودی عرب سے حرمین شریفین اور دیرینہ دوستی کو بہت عزت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، دونوں ممالک کی عوام پر امن، وفادار اور محنت کش ہے جو نہ صرف خطے بلکہ پوری دنیا میں امن کے حوالے سے کلیدی کردار ادا کرسکتے ہیں۔وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ سلطانہ فاؤنڈیشن کی افتتاحی تقریب سے خطاب میرے لئے اعزاز اور خوشی کی بات ہے۔

سلطانہ فاؤنڈیشن دعوت تعلیم دینے میں اہم کردار ادا کررہا ہے ۔سلطانہ فاؤنڈیشن ایک عظیم سعودی خاتون کے نام سے منسوب ادارہ ہے ۔پاکستان کی تاریخی جغرافیائی اور ثقافتی اعتبار سے ایک دوسرے کے ساتھ مضبوط رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ہر پاکستانی کے دل میں سعودی عرب کی گہری محبت ہے ۔سعودی عرب مسلم امہ کے لئے اسلامی ریاست میں ماڈل کا کردار ادا کررہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تعلیم یافت نوجوان مسابقت کے دور میں پاکستان کو آگے لے جا سکتے ہیں۔ صحت مند معاشرے کے لئے سماجی تبدیلی ضروری ہے ۔نوجوانوں کو تعلیم وترقی میں حکومت تعاون جاری رکھے گی ۔تعلیم ہی کسی ملک کی کامیابی کی کہتی ہے،وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ اللہ کی عبادت کے بعد انسانیت کی خدمت سے بڑھ کر کوئی عبادت نہیں ہے، اسلام کی بنیاد بھی دو چیزوں حقوق اللہ اور حقوق العباد پر ہے، ان دونوں کو عملی طور پر ادا کئے بغیر مسلمان دونوں میں سے ایک بھی فرض صحیح ادا نہیں کر سکتے۔

ان کا کہنا تھا کہ تعلیم کے فروغ سے ہی ترقی ممکن ہے، تعلیم کے میدان میں سلطانہ فاونڈیشن کی خدمات قابل تحسین ہیں۔شہزادہ سلمان بن سلمان کا کہنا تھا کہ ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑے رہے اور آیندہ بھی رہیں گے، تعلیم اور طب کے شعبے میں پاکستان کی معاونت جاری رکھیں گے، تعلیم کے شعبے میں سلطانہ فاوٴنڈیشن کی کارکردگی قابل تعریف ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا مستقبل روشن اور درخشاں ہے ،انہوں نے کہا کہ سعودی حکومت خوشحالی اور ترقی کی منزل کے حصول کیلئے پاکستان کی بھرپور مدد کرے گی۔

انہوں نے یقین دلایا کہ سعودی حکومت تعلیم تحقیق اور ادویات کے شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھے گی۔وزیراعظم نوازشریف نے کہاہے کہ پاکستان اورسعودی عرب قریبی دوست ممالک جن میں باہمی اعتمادپرمبنی قریبی اورخوشگوارتعلقات استوارہیں ،جومشکل کی ہرگھڑی میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہوئے ہیں ۔ان خیالات کااظہارانہوں نے سعودی کمیشن برائے سیاحت ونوادرات کے چیئرمین شہزادہ سلطان بن سلمان بن عبدالعزیزالسعودسے ملاقات کے دوران کیا۔

جنہوں نے مری میں وزیراعظم سے ملاقات کی ۔اس موقع پروزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خارجہ امورطارق فاطمی ،وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے ایوی ایشن شجاعت عظیم اورپاکستان میں سعودی عرب کے سفیرعبدالعزیزالغدیربھی موجودتھے ۔سیاحت کے حوالے سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان سیاحوں کوبہترین مواقع فراہم کرتاہے اوراس حوالے سے پاکستان اورسعودی عرب ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کرسکتے ہیں ۔

اس موقع پرانہوں نے شہزادہ سلطان بن سلمان کوپاکستان میں موجودمختلف سیاحتی مقامات کادورہ کرنے کی دعوت بھی دی ۔وزیراعظم نے اس موقع پرخادم الحرمین الشریفین شاہ عبداللہ بن عبدالعزیزکی صحت اوردرازی عمراورسعودی عرب کے عوام کی ترقی وخوشحالی کیلئے اپنی جانب سے اورپاکستان کے عوام کی جانب سے نیک خواہشات کااظہارکیا۔ملاقات کے بعدوزیراعظم نے معززمہمان اوروفدکے اعزازمیں عشائیہ بھی دیا۔

صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ تمام شعبوں میں شراکت داری اور باہمی تعاون میں مزید اضافہ چاہتا ہے،کستان کی حکومت دونوں ممالک کے عوام کے باہمی مفاد میں سٹریٹجک شراکت داری اور تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید تقویت دینے کی خواہاں ہے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے سعودی کمیشن برائے سیاحت ونوادرات کے چیئرمین شہزادہ سلطان بن سلمان بن عبدالعزیز السعود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ،جنہوں نے ایوان صدر میں صدرمملکت سے ملاقات کی ۔

اس موقع پر شہزادہ سلطان بن سلمان بن عبدالعزیز السعود کے ہمراہ ان کا بیٹا عبداللہ الشیخ اور پاکستان میں سعودی سفیر عبدالعزیز بن ابراہیم بن صالح الغدیر بھی موجود تھے۔ ملاقات کے دوران پاک سعودی دوطرفہ تعلقات ‘ دوطرفہ سیاحتی اور ثقافتی تعاون کے فروغ کے طریقوں اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ باہمی تعلقات پر گفتگو کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مشترک عقیدے ‘ روایات اور باہمی دلچسپی کے تمام امور پر خیالات میں ہم آہنگی اور باہمی اعتماد پر مبنی قریبی اور خوشگوار تعلقات استوار ہیں۔

انہوں نے انفراسٹرکچر‘ توانائی‘ سیاحت و ثقافت‘ آثاریاتی ورثے اور دستکاری سمیت مختلف شعبوں میں دونوں اطراف کی جانب سے دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے بھرپور مواقع تلاش کرنے کے لئے مربوط اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔ صدر نے سعودی سرمایہ کاروں کو ان شعبوں میں سرمایہ کاری اور موجودہ حکومت کی طرف سے ملک میں سرمایہ کاری کے لئے پیش کردہ آزادانہ مراعاتی پیکج سے استفادے کی دعوت دی۔

صدر نے پاکستان میں بھرپور قدرتی سیاحتی مواقع کو اجاگر کرتے ہوئے پاکستان کے سیاحتی شعبہ جات و عجائب گھروں اور سعودی کمیشن برائے سیاحت کے درمیان وسیع تر تعاون پر زور دیا۔ انہوں نے آثاریاتی فنون اور دستکاری‘ سیاحت اور عوامی سطح پر روابط کے فروغ پر بھی زور دیا۔ صدر مملکت ممنون حسین نے ضرورت اور آزمائش کی ہر گھڑی میں پاکستان کی حکومت اور عوام کو فراخدلانہ معاونت کرنے پر شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز اور سعودی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام خادم الحرمین الشریفین شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز کا بے حد احترام کرتے ہیں۔ سعودی عرب میں تقریباً 15 لاکھ پاکستانی برادری کی موجودگی کا ذکر کرتے ہوئے صدر نے کہا کہ پاکستانی برادری دونوں ممالک کے درمیان پل کا کام کرتی ہے‘ امید ہے کہ دونوں برادر ممالک کے باہمی مفاد میں اس پل کو وسعت اور تقویت دی جاتی رہے گی۔ صدر نے پاکستان میں تعلیمی شعبے سلطانہ فاؤنڈیشن کے کردار کو بھی سراہا۔ صدر مملکت نے اس موقع پر خادم الحرمین الشریفین شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز کی صحت و درازی عمر اور سعودی عرب کے عوام کی ترقی و خوشحالی کے لئے اپنی جانب سے اور پاکستان کے عوام کی جانب سے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔