بھارت میں پاکستانی ہائی کمشنر سے میر واعظ عمر فاروق کی ملاقات، کشمیریوں کی بھرپور وکالت کرنے پر حکومت پاکستان‘ پاکستانی عوام کے مشکور ہیں‘ چیئرمین حریت کانفرنس،حریت دھڑے اپنے اختلافات کو باہمی طور پر سلجھائیں‘ پاکستان حق خودارادیت کے حصول تک کشمیریوں کا ساتھ نہیں چھوڑے گا‘ منصور احمد خان

جمعہ 7 فروری 2014 08:10

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔7فروری۔2014ء) پاکستان نے حق خودارادیت کے حصول تک کشمیریوں کی سیاسی و سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھنے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے تمام حریت دھڑوں سے کہا ہے کہ وہ تمام اختلافات کو باہمی طور پر سلجھائیں تاکہ ان کی برحق جدوجہد جلد کامیابی سے ہمکنار ہوسکے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق حریت کانفرنس (ع) کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق نے گذشتہ روز نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمشنر منصور احمد خان سے ملاقات کی۔

ملاقات میں مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال اور مسئلہ کشمیر کے حل بارے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران میر واعظ نے پاکستان کی طرف سے پانچ فروری کو یوم یکجہتی کشمیر منانے اور کشمیری عوام کی حصول حق خودارادیت کی جدوجہد کے تئیں بھرپور حمایت اور وابستگی کیلئے کشمیری عوام اور کل جماعتی حریت کانفرنس کی طرف سے حکومت پاکستان‘ پاکستانی عوام اور وہاں کی سیاسی و مذہبی جماعتوں کا شکریہ ادا کیا اور پاکستانی سفیر پر زور دیا کہ وہ کشمیری عوام کے جذبات سے بھرپور تشکر کا پیغام حکومت پاکستان اور پاکستانی عوام تک پہنچائیں۔

(جاری ہے)

چیئرمین حریت کانفرنس نے کہا کہ ہم ایک بار پھر یہاں کے عوام کی جائز جدوجہد کے تئیں حکومت پاکستان اور پاکستان کے غیور عوام کی سیاسی و سفارتی اور اخلاقی حمایت پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید رکھتے ہیں کہ مسئلہ کشمیر کے منصفانہ اور دائمی حل تک پاکستان کی کشمیریوں کی اس حق و انصاف پر مبنی جدوجہد اور اس تحریک کے تئیں سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رہے گی اور اس کیساتھ ساتھ اس حقیقت کو بھی واضح کرنا چاہیں گے کہ 1947ء سے مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے جہاں کشمیری قوم نے جان و مال اور عزت و آبرو کی بے مثال قربانیاں پیش کی ہیں وہیں پاکستان نے وقت وقت پر قوم کی جائز جدوجہد کو بین الاقوامی سطح پر متعارف کرانے اور اس کی حمایت حاصل کرنے کیلئے دنیا کے موقر اداروں اقوام متحدہ‘ او آئی سی غیر جانبدار ممالک کی کانفرنس‘ دولت مشترکہ اور سارک جیسے فورمز اور حقوق انسانی کے عالمی اداروں میں کشمیریوں کو ان کا حق دلانے کی بھرپور وکالت کی۔

انہوں نے کہا کہ یہ بھی حقیقت ہے کہ اس طویل عرصے کے دوران پاکستان نے بھی اس مسئلے کے منصفانہ حل کیلئے بے شمار جانی و مالی قربانیاں پیش کی ہیں اور اگر آج پاکستان کے ہمسایہ ملک بھارت کیساتھ گذشتہ سات دہائیوں سے کشیدہ تعلقات چلے آرہے ہیں تو اس کی بنیادی وجہ بھی مسئلہ کشمیر ہی ہے۔ اس موقع پر پاکستانی سفیر منصور احمد خان نے وزیراعظم میاں محمد نواز شریف اور حکومت پاکستان کی طرف سے چیئرمین حریت کانفرنس تک یہ پیغام پہنچایا جس میں حریت چیئرمین اور کشمیری عوام کو یقین دلایا گیا کہ پاکستان مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل تک کشمیریوں کی سیاسی‘ اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔

پاکستانی سفیر نے کہا کہ حق خودارادیت کے حصول کیلئے کی جانے والی جدوجہد میں حریت کانفرنس کا کردار مثالی ہے۔ پاکستان کی خواہش ہے کہ حریت دھڑے اپنے اختلافات کو باہمی طور پر سلجھائیں۔