حکومت نے دل و جان سے مذاکراتی عمل شروع کیا،، وزیر داخلہ ،حکومتی اور طالبان کی مذاکراتی کمیٹیوں سے مکمل تعاون کیاجائے گا، چوہدری نثار کی مولانا سمیع الحق سے بات چیت

جمعہ 7 فروری 2014 08:03

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔7فروری۔2014ء) وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے طالبان کی مذاکراتی کمیٹی کے سربراہ مولانا سمیع الحق کو یقین دلایا ہے کہ حکومت نے دل و جان سے مذاکراتی عمل شروع کیا ہے اور وہ اس کی مکمل حمایت جاری رکھے گی، حکومتی اور طالبان کی مذاکراتی کمیٹیوں سے مکمل تعاون کیاجائے گا ۔ وہ جمعرات کو مولانا سمیع الحق سے ٹیلی فون پر بات چیت کررہے تھے ۔

اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے امن مذاکراتی عمل میں تیزی سے پیش رفت کی ضرورت پر زور دیا ۔

(جاری ہے)

مولانا سمیع الحق نے امن کے حوالے سے چوہدری نثار علی خان کے موقف کی تعریف کی ۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ پوری قوم دونوں کمیٹیوں کی امن کوششوں کیلئے دعا گو ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ مذاکرات کے ذریعے ملک میں امن اور استحکام آئے ۔ انہوں نے حکومت نے پورے خلوص سے مذاکراتی عمل شروع کیا ہے ا ور ہم چاہتے ہیں کہ یہ امن منطقی نتیجے تک پہنچے حکومت مذاکراتی کمیٹیوں سے مکمل تعاون کرے گی ۔ ٹیلی فونک رابط میں مولانا سمیع الحق اور وزیر داخلہ نے اتفاق کیا کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر رابطے میں رہیں گے تاکہ مذاکراتی عمل کو تیزی سے آگے بڑھایا جاسکے ۔