سی این جی بندش کیس‘ اسلام آباد ہائیکورٹ نے پوٹھوہار ریجن میں تین روزہ گیس بندش کا حکومتی فیصلہ کالعدم قرار دے دیا،راولپنڈی‘ اسلام آباد میں سی این جی سٹیشنوں کو گیس کی فراہمی کا حکم‘ نیا شیڈول معطل‘ پرانا بحال کردیا گیا،گیس کی تقسیم کا فارمولا طے کرنے کیلئے معاملہ 90 روز میں مشترکہ مفادات کونسل میں لے جایا جائے‘ جسٹس شوکت عزیز کی سی این جی مالکان کو ہدایت

جمعہ 7 فروری 2014 08:00

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔7فروری۔2014ء) اسلام آباد ہائیکورٹ نے پوٹھوہار ریجن میں سی این جی سٹیشنوں کو غیر معینہ مدت کیلئے گیس کی فراہمی بند رکھنے کا حکومتی فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے راولپنڈی‘ اسلام آباد میں سی این جی سٹیشن کو ہفتے میں تین روز گیس کی فراہمی کا حکم دے دیا جبکہ سی این جی مالکان کو گیس کی تقسیم کے فارمولے سے معلق معاملہ 90 روز میں مشترکہ مفادات کونسل میں لے جانے کی ہدایت کی ہے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے پوٹھوہار ریجن میں راولپنڈی اسلام آباد کے سی این جی سٹیشن آتے ہیں انہیں ہفتے میں تین دن گیس کی بندش کا فیصلہ کیا تھا جس پر حکومتی فیصلے کیخلاف سی این جی مالکان نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی تھی جس میں یہ موقف اختیار کیا گیا تھا کہ سی این جی بندش کا حکومتی فیصلہ غیرقانونی ہے۔

(جاری ہے)

گیس بندش سے سی این جی سٹیشنوں پر کام کرنے والے ہزاروں افراد بیروزگار ہوجائیں گے اور سی این جی سیکٹر کو اربوں روپے کا نقصان ہونے کیساتھ ساتھ سی این جی انڈسٹری تباہ ہوجائے گی۔ عدالت نے وفاق اور سی این جی مالکان کے وکلاء کے دلائل سننے کے بعد پیر کو فیصلہ محفوظ کرلیا تھا۔ گذشتہ روز جمعرات کو اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے سی این جی مالکان کی درخواست منظور اور وفاق کی درخواست مسترد کرتے ہوئے یہ حکم دیا کہ پوٹھوہار ریجن‘ راولپنڈی اسلام آباد میں سی این جی سٹیشنوں کو ہفتے میں تین روز گیس کی فراہمی کی جائے اور سی این جی سٹیشن کھولے جائیں۔

عدالت نے پرانا شیڈول بحال اور نیا شیڈول کالعدم قرار دے دیا اور سی این جی مالکان کو ہدایت کی ہے کہ وہ گیس کی تقسیم کے فارمولے کے حوالے سے معاملہ 90 روز میں مشترکہ مفادات کونسل میں لے جائیں۔