پرویز مشرف غداری کیس کی سماعت آج خصوصی عدالت میں ہوگی، سابق صدر پیشی کی صورت میں عدالت فرد جرم عائد کرے گی، عدم پیشی پرعدالت ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنے پر غور کرے گی، وفاقی پولیس کی جانب سے تعمیلی رپورٹ بھی پیش کی جائے گی،مشرف کے وکلاء نے موکل کی حاضری کو ڈاکٹرو ں کی حتمی رائے سے مشروط کر دیا ،مشرف کی آج متوقع پیشی کے پیش نظر وفاقی اور پنجاب پولیس کے سیکورٹی پلان کو حتمی شکل دیدی گئی

جمعہ 7 فروری 2014 08:00

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔7فروری۔2014ء) سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف آئین سے سنگین غداری کے مقدمہ کی سماعت آج( جمعہ کو )خصوصی عدالت میں ہوگی۔پرویز مشرف کی متوقع پیشی کی صورت میں عدالت ملزم پر فرد جرم عائد کرے گی جبکہ عدم پیشی کی صورت میں خصوصی عدالت ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنے پر غور کرے گی ، وفاقی پولیس کی جانب سے سابق صدر کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کی تعمیلی رپورٹ بھی عدالت میں پیش کی جائے گی۔

دوسری جانب پرویز مشرف کی وکلاء ٹیم نے ان کی عدالت میں حاضری کو اے ایف آئی سی کے ڈاکٹرو ں کی حتمی رائے سے مشروط کر دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق سابق فوج آمرجنرل (ر) پرویز مشرف کیخلاف غداری مقدمہ کی سماعت آج جمعہ کو خصوصی عدالت میں ہوگی ۔گزشتہ سماعت پر عدالت نے سابق صدر کی قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے انہیں آج ہونے والی سماعت کے موقع پر عدالت میں حاضری کو یقینی بنانے کے احکامات جاری کیے تھے۔

(جاری ہے)

پرویز مشرف کے عدالت میں پیش ہونے کی صورت میں ان پر فرد جرم عائد کی جائے گی جبکہ عدم پیشی پر عدالت ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتار ی جاری کر سکتی ہے۔ اس موقع پر وفاقی پولیس کی جانب سے سابق صدر کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کی تعمیلی رپورٹ بھی آج عدالت میں پیش کی جائے گی، اس حوالے سے وفاقی پولیس کے ایک ذمہ دار افسر کے مطابق کیپٹن (ر) الیاس کی سربراہی میں وفاقی پولیس عدالت وارنٹ کی پہلے ہی تعمیل کروا چکی ہے اور رپورٹ میں راشد قریشی کی جانب سے سابق صدر کی ضمانت کے لئے دیئے گئے مچلکے عدالت میں جمع کروائے جائیں جس میں راشد قریشی کے پلاٹ کے رجسٹری کی کاپی رپورٹ کے ساتھ منسلک کی گئی ہے۔

سابق صدر کی قانونی ٹیم نے ان کی پیشی کو اے ایف آئی سی کے ڈاکٹروں کی حتمی رائے سے مشروط کرتے ہوئے کہا کہ پرویز مشرف میں عدالت میں پیشی کا فیصلہ ڈاکٹروں کے مشورے پر ہی کریں گے کیونکہ وہ ابھی تک زیر علاج ہیں۔ادھرغداری کیس میں سابق صدر پرویز مشرف کی خصوصی عدالت میں آج ( جمعہ کو ) متوقع پیشی کے موقع پر وزارت داخلہ کے احکامات پر وفاقی اور پنجاب پولیس نے سیکورٹی پلان کو حتمی شکل دیدی،اے ایف آئی سی سے لیکر خصوصی عدالت تک سابق صدر کی متوقع پیشی کے پیش نظر سخت ترین سیکورٹی انتظامات کیے جائیں گے جبکہ رینجرز کے دستے اور وفاقی پولیس کی نفری مشترکہ طور پر سیکورٹی انتظامات پر تعینات کی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق وزارت داخلہ نے راولپنڈی اور اسلام آباد پولیس کو سابق صدر کی متوقع پیشی کے باعث آج جمعہ کو سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کی ہدایات جاری کی ہیں جسکے مطابق دونوں اضلاع کی پولیس نے ان ہدایا ت کی روشنی میں سیکورٹی پلان کو حتمی کو شکل دے دی ہے۔اس موقع پر صرف اسلام آباد پولیس کے 1000سے زائد اہلکاروں کی اضافی نفری سیکورٹی فرائض سرانجام دے گی جبکہ روٹ مضافاتی علاقوں میں رینجرز اور پولیس کا مشترکہ گشت نظام تشکیل دے جائے گا۔

وفاقی پولیس کے مطابق سابق صدر کی پیشی کے لئے جمعرات کی شام تک کسی حتمی روٹ کا انتخاب نہیں کیا گیا تھا تاہم وفاقی پولیس نے تین مختلف روٹس کے مطابق سیکورٹی پلان کو حتمی شکل دی ہے جس میں پہلا مری روڈ ، فیض آباد ، راول روڈ اور شاہراہ دستور سے ہوتے ہوئے نیشنل لائبریری جبکہ دوسری صورت میں اے ایف آئی سی اسلام آباد ایکسپریس ہائی وے اور وہاں سے آگے راول روڈ یا پھر اسلام آباد ایکسپریس ہائی سے براستہ شکرپڑیاں کشمیر ہائی وے سے ہوتے ہوئے نیشنل لائبریری تک تینوں روٹس بارے انتظامات کا مکمل کا جائزہ لیا گیا ہے۔

پولیس ذرائع مطابق ہیلی کاپٹر کے ذریعے بھی سابق صدر کو عدالت میں پیش کرنے بارے غور کیا جا رہا ہے تاہم ہیلی کاپٹر کے ذریعے سابق صدر میں عدالت پیشی کی نسبت زمیتی راستہ استعمال کرنے کو زیادہ محفوظ قرار دیا گیا ہے اور زیادہ تر سینئر پولیس افسران نے اس تجویز سے اتفاق نہیں کیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق ہیلی کاپٹر کے ذریعے عدالت میں پیشی کے صورت میں روٹ کے مضافاتی علاقوں میں پولیس اور رینجرز کا موٴثر ترین گشت تشکیل دیا جائے گا۔

پرویز مشرف کی متوقع پیشی کے موقع پر سیکیورٹی انتظامات کی کمان ڈی آئی جی سیکیورٹی ڈویژن جان محمد سنبھالیں گے جبکہ ایس پی رورل، اے ڈی پی اوشہزاد ٹاوٴن سمیت متعدد تھانوں کے ایس ایچ اوز کے علاوہ انتظامیہ اور پولیس کے اعلی افسران بھی موقع پر موجود ہونگے ۔جبکہ سراغ رساں کتوں اور بم ڈسپوزل سکواڈ کے ذریعے روٹ کی کلیئرنس لی جائے گی۔