آزادکشمیر سمیت ملک بھر میں یوم یکجہتی کشمیر روایتی ملی جوش و جذبہ سے منایا گیا،عام تعطیل رہی، ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی، کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حصول تک ان کا بھرپور ساتھ دینے کے عزم کی تجدید، جلسے، جلوس، ریلیاں، مظاہرے،سیمینار ز ، کانفرنسوں و تصویری نمائشوں کا اہتمام ، دن کا آغاز خصوصی دعاؤں سے ہوا، انسانی ہاتھوں کی زنجیریں بنا کر کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیا گیا،بیرون ممالک پاکستانیوں اور کشمیریوں کا بھارتی سفارتخانوں اور اقوام متحدہ کے دفاتر کے سامنے احتجاج، عالمی برادری کی توجہ مسئلہ کشمیر کے حل کی جانب مبذول کرائی گئی

جمعرات 6 فروری 2014 02:31

اسلام آباد،مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔6فروری۔2014ء)کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے لئے آزادکشمیر سمیت ملک بھر کے علاوہ دنیا بھرمیں بدھ کو یوم یکجہتی کشمیر روایتی انداز میں اور بھرپور جوش و خروش سے منایا گیا اور اس عزم کی تجدید کی گئی کہ حق خودارادیت کے حصول تک پاکستان کشمیریوں کی جدوجہد میں ان کا اخلاقی ،سیاسی و سفارتی ساتھ دیگا۔

آزاد خطہ اور ملک بھر میں عام تعطیل رہی اور انسانی ہاتھوں کی زنجیریں بنائی گئیں۔تفصیلات کے مطابق ہر سال کی طرح رواں سال بھی آزادکشمیر سمیت پاکستان بھر میں یوم یکجہتی کشمیر روایتی ملی جوش و جذبے سے منایا گیا۔ دن کا آغاز خصوصی دعاؤں سے ہوا۔ ملک بھر کی مساجد میں نماز فجر کے بعد کشمیر کی جلد سے جلد آزادی اور پاکستان کی سربلندی و استحکام کے لئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں اور اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ پاکستان کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی و اخلاقی حمایت ہر صورت جاری رکھے گا۔

(جاری ہے)

صبح دس بجے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی تمام ٹرانسپورٹ رک گئی ۔ وفاقی دارالحکومت سمیت ملک کے چاروں صوبوں اور آزادکشمیر بھر میں تمام چھوٹے بڑے شہروں و ضلعی و تحصیل ہیڈکوارٹرز میں سیاسی ،سماجی و مذہبی تنظیموں کی طرف سے یکجہتی کشمیر کانفرنسیں، جلسے جلوس، سیمینار، ریلیاں اور مظاہرے ،مباحثے اور دیگر اہم تقریبات منعقد ہوئیں جن سے پاکستان اور آزاد کشمیر کے رہنما و دیگر شخصیات نے خطاب کیا اور کشمیریوں کیساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ حصول آزادی تک کشمیریوں کا ہر فورم پر ساتھ دیا جائے گا اور آزادی کی تحریک کو جاری رکھا جائے گاا ور یوم یکجہتی کشمیر اور اس کے عالمی و سیاسی اثرات پر اظہار خیال کیا۔

آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی اور کشمیرکونسل کا مشترکہ اجلاس مظفرآباد میں ہوا جس سے وزیر اعظم نواز شریف نے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کشمیریوں سے یکجہتی کا اظہار کیا۔ اسلام آباد میں کشمیر ریلی کا انعقاد کیا گیا جس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے اس عزم کو دہرایا کہ پاکستان آزادی کے حصول تک کشمیری عوام کی جدوجہد میں ان کا ساتھ دیتا رہے گا اس موقع پر کشمیر کاز کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے کشمیریوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔

گلگت بلتستان میں بھی ریلیاں و مظاہرے منعقد کئے گئے۔پاکستان اور آزاد کشمیر کو آپس میں ملانے پلوں پر انسانی ہاتھوں کی زنجیریں بنائی گئیں۔ کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے خصوصی بینرز آویزاں کئے گئے تھے۔ صدر ممنوں حسین ،وزیر اعظم نواز شریف ،آزاد کشمیر کے صدر سردار یعقوب خان اور وزیر اعظم چوہدری عبدالمجید کی طرف سے کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے لئے خصوصی پیغامات جاری کئے گئے ۔

اخبارات نے خصوصی ضمیمے شائع کئے اورالیکٹرانک میڈیا پر خصوصی نشریات جاری ہوئیں۔اور مقبوضہ کشمیر میں نہتے عوام پر بھارتی مظالم کی دستاویزی فلمیں بھی دکھائی گئیں۔نیشنل آرٹس کونسل کی طرف سے آرٹ بازار کا اہتمام کیا گیا ۔ علاوہ ازیں دنیا بھر میں مقیم کشمیریوں اور پاکستانیوں نے اس موقع پر بھارتی سفارتخانوں کے سامنے اور اقوام متحدہ کے دفاتر کے سامنے احتجاجی مظاہروں اور دیگر خصوصی تقریبات کا اہتمام کیا ،اقوام متحدہ مبصرین کے سامنے یادداشتیں پیش کی گئیں اور عالمی برادری کی توجہ مسئلہ کشمیر اور کشمیری عوام پر مظالم کی جانب مبذول کرائی اور مطالبہ کیا گیا کہ عالمی برادری کشمیری عوام پربھارتی مظالم کا نوٹس لے اور بھارت پر دباؤ ڈالا جائے کہ وہ کشمیریوں سے کئے گئے وعدے کی پاسداری کرتے ہوئے انہیں حق خودارادیت دے ،جبکہ بیرون ملک پاکستانی مشنز میں بھی ریلیوں،جلوسوں سیمینارز اور تصویری نمائشوں کا اہتمام کیا گیا۔