نواز شریف اچھی نیت کے مالک‘ ایماندار انسان اور طالبان بدنیت ہیں‘ رحمن ملک،میاں صاحب نے اب گیند طالبان کی کورٹ میں پھینک دی ہے‘ میڈیا سے گفتگو

بدھ 5 فروری 2014 05:00

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔5فروری۔2014ء) پیپلزپارٹی کے مرکزی راہنماء‘ سابق وزیر داخلہ اور سینیٹر رحمن ملک نے کہا ہے کہ میاں نواز شریف ایک اچھی نیت کے ایماندار ترین انسان ہیں اور طالبان بدنیت ہیں‘ میاں صاحب نے گیند طالبان کی کورٹ میں پھینک دیا ہے‘ اگر وہ مذاکرات کو کامیاب کرنا چاہتے ہیں تو سیز فائر کریں‘ طالبان کی ڈوریاں کسی اور کے ہاتھوں میں ہیں‘ حکومت کو انسداد دہشت گردی ایکٹ کو مدنظر رکھنا چاہئے۔

منگل کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سینیٹر رحمن ملک نے کہا ہے کہ حکومت نے گیند طالبان کی کورٹ میں پھینک دی ہے۔ مذاکرات کی ناکامی یا کامیابی کا فیصلہ اب انہیں کرنا ہے لیکن وہ بدنیت ہیں۔ ان سے اچھے کی توقع کرنا مشکل ہے مگر میاں نواز شریف اچھی نیت کے ایماندار انسان ہیں اسی لئے انہوں نے بار بار مذاکرات کی کوشش کی ہے۔

(جاری ہے)

ان کی اس کوشش میں ہم ان کیساتھ ہیں۔ رحمن ملک نے کہا کہ میاں صاحب کا بیان ایک اچھا اقدام ہے۔ انہوں نے گیند طالبان کی کورٹ میں پھینک دی ہے۔ اگر طالبان مذاکرات کو کامیاب کرنا چاہتے ہیں تو انہیں سیز فائر کرنا چاہئے۔ انہیں سیز فائر کرنے میں کیا مضائقہ ہے۔ یہی ان کی بدنیتی کی مثال ہے۔ مذاکرات ایک اچھا اقدام ہے لیکن ملک کو انسداد دہشت گردی کے قانون کو مدنظر رکھنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ جن خاندانوں کی شہادتیں ہوئی ہیں وہ بھی فریقین میں شامل ہیں اور ان کیساتھ سب کو ہمدردی ہے۔ طالبان کی ڈوریاں کسی اور کے ہاتھ میں ہیں لیکن مذاکرات کی کامیابی یا ناکامی کا فیصلہ اب طالبان کو ہی کرنا ہے۔

متعلقہ عنوان :