پاکستان اور آزاد کشمیر سمیت دنیا بھر میں (آج) یوم یکجہتی کشمیر روایتی جوش و جذبے سے منایا جائے گا،مختلف شہروں میں جلوس اور ریلیاں نکالی جائینگی‘ کوہالہ سمیت پاکستان سے ملانے والے تمام پلوں کے دونوں اطراف انسانی ہاتھوں کی زنجیر مناکر بھارتی بربریت کی مذمت‘ مقبوضہ کشمیر کے عوام کیساتھ یکجہتی کا مظاہرہ کیا جائیگا‘ امریکہ‘ برطانیہ‘ جرمنی و دیگر ممالک میں مقیم کشمیری بھی احتجاجی مظاہرے کرینگے‘ وزیراعظم نواز شریف‘ وزیر امور کشمیر آج مظفرآباد جائینگے

بدھ 5 فروری 2014 05:00

سرینگر‘ مظفرآباد‘ اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔5فروری۔2014ء) پاکستان اور آزاد کشمیر سمیت دنیا بھر میں آج یوم یکجہتی کشمیر روایتی جوش و جذبے سے منایا جائے گا‘ اسلام آباد اور مظفرآباد سمیت مختلف شہروں میں جلوس اور ریلیاں نکالی جائیں گی‘ کوہالہ سمیت پاکستان اور آزاد کشمیر کو ملانے والے تمام پلوں پر انسانی ہاتھوں کی زنجیر بناکر مقبوضہ کشمیر کے عوام کیساتھ اظہار یکجہتی کیا جائے گا۔

وزیراعظم نواز شریف آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی اور کونسل کے مشترکہ اجلاس سے براہ راست جبکہ چیئرمین حریت کانفرنس سید علی گیلانی میرپور میں ٹیلیفونک خطاب کریں گے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق پاکستان‘ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے پروگراموں کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

سورج طلوع ہوتے ہی مختلف شہروں میں جلوس اور ریلیاں نکلنا شروع ہوجائیں گی۔

پاکستان اور آزاد کشمیر کے قائدین کا ایک بڑا قافلہ کوہالہ پل کی طرف روانہ ہوگا جہاں پل کے دونوں اطراف انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائی جائے گی۔ پاکستان اور آزاد کشمیر میں عام تعطیل ہوگی جس کے باعث تمام تعلیمی ادارے اور سرکاری دفاتر بند ہوں گے۔ مختلف مقامات پر خصوصی تقریبات‘ سیمینار اور مباحثوں کا اہتمام ہوگا جبکہ سرکاری سطح پر کشمیریوں کیساتھ اظہار یکجہتی کیلئے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے گی۔

ٹی وی چینلز پر خصوصی پروگرام اور پرنٹ میڈیا میں خصوصی شمارے نکالے جائیں گے۔ وزیراعظم پاکستان میاں نواز شریف یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر منعقدہ آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی اور کشمیر کونسل کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرنے کیلئے وزیر امور کشمیر برجیس طاہر کے ہمراہ (آج) بدھ کو مظفرآباد پہنچیں گے جبکہ بزرگ حریت راہنماء سید علی گیلانی میرپور میں منعقدہ خصوصی تقریب سے ٹیلیفونک خطاب کریں گے۔ پاکستان کے چاروں صوبوں سمیت دنیا بھر میں مقیم کشمیری عوام مقبوضہ کشمیر کے اپنے مظلوم بھائیوں کیساتھ اظہار یکجہتی کیلئے خصوصی تقریبات کا انعقاد کریں گے۔