مسئلہ کشمیر پر بھارت سے نتیجہ خیز مذاکرات چاہتے ہیں ، اعزاز احمد چوہدری، افغانستان میں طالبان کیساتھ مفاہمتی عمل کو کامیاب بنانے کیلئے کوشش کررہے ہیں ، افغانستان اور امریکہ کا معاہدہ اندرونی معاملہ ہے،اس سے کسی تیسرے ملک کے مفادات پر اثرات مرتب نہیں ہونے چاہیے ، سیکرٹری خارجہ کی صحافیوں سے گفتگو

بدھ 5 فروری 2014 04:56

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔5فروری۔2014ء) سیکرٹری خارجہ اعزاز احمد چوہدری نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر پر بھارت کے ساتھ نتیجہ خیز مذاکرات چاہتے ہیں ، افغانستان میں طالبان کے ساتھ مفاہمتی عمل کو کامیاب بنانے کیلئے کوشش کررہے ہیں ، افغانستان اور امریکہ کا معاہدہ اندرونی معاملہ ہے تاہم اس معاہدے سے کسی تیسرے ملک کے مفادات پر اثرات مرتب نہیں ہونے چاہیے ، منگل کے روز یہاں ایک تقریب کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری خارجہ نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں امن کا خواہاں ہے اس لئے افغانستان میں طالبان کے ساتھ مفاہمتی عمل کو کامیاب بنانے کیلئے کوشش کررہے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ افغانستان کے ساتھ امریکہ کا معاہدہ ان کا اپنا اندرونی معاملہ ہے تاہم اس معاہدے سے کسی تیسرے ملک کے مفادات پر اثرات مرتب نہیں ہونے چاہیے ۔ امریکہ پاکستان کا اہم اتحادی ہے اس کے ساتھ سٹرٹیجک مذاکرات جاری ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پاک ایران گیس پائپ لائن پر مثبت پیش رفت جاری ہے ۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے بھارت کے ساتھ نتیجہ خیز بات چیت جاری کے خواہاں ہیں ۔