توقیر صادق تقرری کیس ، یوسف رضا گیلانی اور راجہ پرویز اشرف سمیت 6نامزد ملزمان کو نوٹس جاری، اگلی سماعت پر عدالت میں طلب، قومی احتساب بیورو( نیب ) نے اوگرا کرپشن کیس میں تفصیلی ریفرنس عدالت میں جمع کروا دیا ، مقدمہ کی سماعت18فروری ملتوی

بدھ 5 فروری 2014 04:55

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔5فروری۔2014ء)اسلام آباد کی احتساب عدالت نے سابق چیئرمین اوگرا توقیر صادق تقرری کیس میں دو سابق وزرائے اعظم یوسف رضا گیلانی اور راجہ پرویز اشرف سمیت 06نامزد ملزمان کو نوٹس جاری کرتے ہوئے اگلی سماعت پر عدالت میں طلب کر لیا ہے جبکہ قومی احتساب بیورو( نیب ) نے اوگرا کرپشن کیس میں تفصیلی ریفرنس عدالت میں جمع کروا دیا ہے جس میں توقیر صادق، عقیل کریم ڈھیڈی،ممبر اوگر ا منصور مظفر،دیوان ضیاء الرحمن سمیت 12ملزمان کو نامزد کیا ہے جنہیں عدالت نے نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر طلب کرتے ہوئے مقدمہ کی سماعت18فروری ملتوی کر دی ہے۔

منگل کے روز سابق چیئرمین اوگرا تقرری کیس کی سماعت اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے کی۔

(جاری ہے)

سماعت کے موقع پر نیب کی جانب سے احتساب عدالت میں ایک الگ ریفرنس دائر کیا گیا ہے جس میں نیب نے سابق چیرمین اوگرا توقیر صادق،سابق وزرائے اعظم یوسف رضا گیلانی اور راجہ پرویز اشرف،شوکت درانی،جاوید نذیرسابق ممبر سلیکشن کمیٹی اور سکندر حیات میکن کو ملزم نامزد کیا ہے۔

عدالت نے مذکورہ ملزمان کو 18فروری کے لئے طلبی کے نوٹس جاری کرتے ہوئے توقیر صادق تقرری کیس کی سماعت 18فروری تک ملتوی کی ہے۔اس موقع پر اوگرا کرپشن کیس کی سماعت بھی ہوئی۔سماعت کے موقع پر جیل حکام نے کیس کے مرکزی ملزم توقیر صادق کو عدالت میں پیش کیا جبکہ نیب کی جانب ایڈیشنل پبلک پراسیکیوٹر چودھری ریاض عدالت کے روبروپیش ہوئے۔اس موقع پر نیب کی جانب سے کیس کا تفصیلی حتمی ریفرنس اعتراضات دور کرنے کے بعد عدالت میں جمع کروایا گیا جسے عدالت نے منظور کرتے ہوئے ہدایت جاری کی کہ ملزم کو بھی اس کی کاپیاں فراہم کی جائیں۔

نیب کی جانب سے داخل کروائے گئے اوگرا کرپشن ریفرنس میں کیس کے مرکزی ملزم توقیر صادق کے علاوہ عقیل کریم ڈھیڈی،منصور مظفر،میر کمال زید بجارانی،دیوان ضیاء الرحمن،جواد جمیل،عبدالرشید لون،زوہیر صدیقی،عظیم اقبا صدیقی،سید ارسلان اقبال،یوسف جے انصاری اور مرزا محمود احمد کو نامزد کیا گیا ہے۔جس پر نیب نے اوگرا کرپشن کیس کے تمام نامزد ملزمان کو نوٹس جاری کرتے ہوئے مقدمہ کی سماعت مذکورہ تاریخ تک ملتوی کردی ہے۔