چار رکنی حکومتی مذاکرتی ٹیم کی وزیر داخلہ سے ملاقات ،عرفان صدیقی کی جانب سے حکومتی اقدامات بارے بریفنگ دی گئی

بدھ 5 فروری 2014 04:51

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔5فروری۔2014ء) طالبان سے مذاکرات کے لئے بنائی گئی چار رکنی حکومتی مذاکرتی ٹیم کی وزیر داخلہ چوہدری نثار سے ملاقات ،وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے قومی امور عرفان صدیقی کی قیادت میں مذاکرتی ٹیم نے وزیر داخلہ کو اب تک طالبان کے ساتھ مذاکرات کیلئے حکومت کی جانب سے اٹھائے جانے والے اقدامات بارے بریفنگ دی۔

باخبر ذرائع کے مطابق منگل کی شب حکومت کی طالبان سے مذاکرات کے لئے تشکیل کردہ چاررکنی ٹیم نے وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان سے ملاقات کی ہے، اس ملاقات کے دوران مذاکراتی ٹیم کے سربراہ اور وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے قومی امور عرفان صدیقی نے طالبان کے ساتھ مذاکرات بارے اب تک ہونے والی پیش رفت اور مستقبل کی منصوبہ بندی بارے بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق ملاقات میں طالبان کے ساتھ رابطوں اور پیغامات کے تبادلوں بارے بھی بتایا گیا اور اس حوالے سے بیک ڈور ڈپلومیسی سے متعلق بھی انہیں آگاہ کیا گیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ مذاکراتی ٹیم نے وفاقی وزیر داخلہ کو مستقبل قریب میں طالبان کی مذاکرتی کمیٹی سے ہونے متوقع ملاقات اور مستقل کی حکمت عملی بارے بریفنگ دی اور مجموعی صورتحال سے انہیں آگاہ کیا۔

اس حوالے سے ترجمان وزارت داخلہ کے ایک اعلی افسر نے بھی نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر ملاقات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ مذاکرتی کمیٹی کی وفاقی وزیر داخلہ سے ملاقات ہوئی ہے تاہم ملاقات میں کیا طے پایا ہے یہ ان کے علم میں نہیں۔ذرائع کے مطابق ملاقات میں دہشتگردی کے حالیہ واقعات پر بھی بات ہوئی ہے جبکہ طالبان کی پانچ رکنی ٹیم میں تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان اور جے یو آئی کے رکن کی دستبرداری سے پیدا ہونے والی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال گیا ،تاہم حکومتی مذاکرتی ٹیم نے اس توقع کا اظہار کیا کہ اس تبدیلی سے مذاکرات کے عمل پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔

متعلقہ عنوان :