کراچی، شالیمار ایکسپریس کی 7 بوگیاں پٹری پر دھماکے سے الٹ گئیں،متعدد مسافر زخمی ،علاقے میں اندھیرے کے باعث امدادی کاروائیوں میں مشکلات کا سامنا ،وزیراعلیٰ سندھ کا کراچی میں گھگھر ریلوے پھاٹک پر دھماکے کا سخت نوٹس،تفصیلی رپورٹ طلب

بدھ 5 فروری 2014 04:51

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔5فروری۔2014ء)کراچی سے روانہ ہونے والی شالیمار ایکسپریس کی بوگیاں گھکھر پھاٹک کے نزدیک پٹری پر دھماکے کے باعث الٹ گئیں،متعدد مسافر زخمی ،علاقے میں اندھیرے کے باعث امدادی کاروائیوں میں مشکلات کا سامنا کرناپڑا۔تفصیلات کے مطابق کراچی کینٹ اسٹیشن سے منگل کی شام7بجے روانہ ہونے والی شالیمار ایکسپریس نائٹ کوچ گھگر پھاٹک کے قریب مبینہ طور پر دہشت گردی کا نشانہ بنی ۔

ریلوے زرائع کے مطابق دھماکے کے باعث گھگر پھاٹک کے قریب شالیمار ایکسپریس کی 7بوگیاں پٹری سے اتر گئیں ۔عینی شاہدین کے مطابق واقعے کے بعد بوگیوں میں افراتفری مچ گئی اور مسافروں کی چیخ و پکار شروع ہوگئی۔ جائے وقوعہ پر اندھیرا ہونے کے باعث مسافروں کو بوگیوں سے نکالنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

(جاری ہے)

ریلوے حکام کے مطابق دھماکے کے بعد تمام ٹرینیں روک دی گئیں ہیں۔

آخری اطلاع آنے تک جائے وقوعہ پر مسافر اور قریب موجود گوٹھ کے افراد اپنی مدد آپ کے تحت جاری رکھے ہوئے تھے جب کہ کراچی کے ریلوے حکام بھی جائے وقوعہ کی جانب روانہ کر دئیے گئے تھے ۔وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کراچی میں گھگھر ریلوے پھاٹک پر دھماکے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پولیس سندھ اور ایڈ یشنل آئی جی پولیس کراچی سے اس واقعہ سے متعلق تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے ۔

وزیراعلیٰ سندھ نے دھماکے کے نتیجے میں زخمی افراد کو فوری طبی سہولیات فراہم کرنے کے احکامات دیئے ہیں اور متاثرہ ریلوے ٹریک کی فوری بحالی کے لئے متعلقہ حکام کو ہدایت کر دی ہے اور متاثرہ مسافروں کو باحفاظت طریقے سے اپنی منزل کی طرف روا رکھنے کے لئے اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی ہے۔درین اثناء ،وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے پشاور میں خودکش حملے کی پر زور الفاظ میں مذمت کی ہے اور دہشتگرد حملے میں جان بحق ہونے والے افراد کے ورثاء سے اظہار تعزیت کیا ہے اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لئے دعا کی ہے وزیراعلیٰ سندھ نے اپنے مذمتی بیان میں کہا کہ دہشتگرد محصوم انسانوں کو نشانہ بنا رہے ہیں جس کی جتنی مذمت کی جائے وہ کم ہے دہشتگردی کے خلاف قوم متحد ہے اور مشترکہ کوششوں کے زریعے ہی دہشتگردوں کا قلعہ قمعہ ہوگا۔

متعلقہ عنوان :