احتساب ریفرنسز‘ آصف زرداری کی بریت کی درخواست پر نیب نے جواب داخل کرادیا، بریت کی مخالفت کر دی،نیب نے موقف اختیار کیا ہے کہ سابق صدر کی بریت سے متعلق درخواست پر عدالت میں نئی گواہیاں پیش کی جائیں گی‘فاروق ایچ نائک، کیس کی سماعت 24 فروری تک ملتوی

منگل 4 فروری 2014 07:51

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔4فروری۔2013ء ) نیب نے احتساب عدالت میں سابق صدر آصف علی زرداری کے خلاف زیر سماعت مبینہ کرپشن کے 5 ریفرنسز میں بریت کی درخواست پر جواب داخل کرادیا اور پانچ ریفرنسز میں سابق صدر آصف علی زرداری کی بریت کی مخالفت کر دی ،سلام آباد کی احتساب عدالت نے آصف زرداری کو نیب کی جانب سے جمع کرائے گئے جواب کا جائزہ لینے کے لیے چوبیس فروری تک مہلت دے دی۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق سلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے سابق صدر آصف علی زرداری کے خلاف ایس جی ایس، کوٹیکنا، اے آر وائی گولڈ، ارسس ٹریکٹرز اور پولو گراوٴنڈ ریفرنسز کی سماعت کی،دوران سماعت نیب کی جانب سے آصف علی زرداری کی بریت کی درخواست پر تفصیلی جواب داخل کرایا گیا۔

(جاری ہے)

نیب کا کہنا تھا کہ آصف زرداری کے خلاف ٹھوس شہادتیں موجود ہیں، فرد جرم سے قبل ملزم کی بریت کی درخواست پر فیصلہ نہیں کیا جا سکتا، جس پر آصف علی زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک کا کہنا تھا کہ نیب کے تفصیلی جواب کا جائزہ لینے کے لیے وقت دیا جائے۔

عدالت نے فاروق ایچ نائیک کی استدعا منظور کرتے ہوئے ریفرنسز پر سماعت 24 فروری تک ملتوی کر دی۔ سماعت کے بعد سابق صدر کے وکیل فاروق ایچ نائک نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ نیب نے موقف اختیار کیا ہے کہ سابق صدر کی بریت سے متعلق درخواست پر عدالت میں نئی گواہیاں پیش کی جائیں گی۔واضح رہے کہ آصف علی زرداری کے خلاف 5 کیسز زیر سماعت ہیں تاہم گزشتہ سماعت میں ان کی جانب سے بریت کی درخواست کی گئی تھی ۔آصف زرداری کی جانب سے بریت کی درخواست انیس جنوری کو جمع کرائی گئی تھی۔

متعلقہ عنوان :