توقیر صادق کے خلاف اربوں روپے کے کرپشن سکینڈل میں حتمی ریفرنس (کل) دائر کرنے کی تیاریاں مکمل،شواہد اکٹھے کر لئے گئے،یوسف رضاگیلانی سمیت جو ملزم بار بار طلب کئے جانے کے باوجود نیب کے سامنے پیش نہیں ہوئے ان کے مستقبل کا فیصلہ بھی اب عدالت ہی کرے گی،ذرائع نیب

پیر 3 فروری 2014 07:59

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔3فروری۔2014ء)قومی احتساب بیورو نے آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی اوگرا کے سابق چیئرمین توقیر صادق کے خلاف اربوں روپے کی کرپشن سکینڈل میں حتمی ریفرنس کل (منگل) کو دائر کرنے کی تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔نیب ذرائع کے مطابق احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے گزشتہ روز توقیر صادق کے خلاف اربوں روپے کے کرپشن کے الزام میں دائر عبوری ریفرنس پر سماعت کی ۔

نیب نے توقیر صادق کو عدالت میں پیش کیا اور حتمی ریفرنس دائر کرنے کے لئے مہلت کی درخواست کی ۔احتساب عدالت نے نیب کو آئندہ سماعت سے پہلے حتمی ریفرنس دائر کرتے ہوئے سماعت فروری تک ملتوی کر دی تھی ۔خبر رساں ادارے کو ذرائع نے بتایا کہ عدالت نے نیب حکام کو کہا کہ اب مزید سستی نہیں چلے گی ۔

(جاری ہے)

چار فروی کو اوگرا کرپشن کا ریفرنس دائر عدالت میں داخل کیا جائے گا اس مقصد کیلئے دو ریفرنس پہلے ہی تیار ہو چکے ہیں جن میں ایک ریفرنس سابق وزراء اعظم سید یوسف رضاگیلانی اور راجہ پرویز اشرف کے خلاف توقیر صادق کو اوگرا کا چیئرمین بنانے اور دوسرا کرپشن سے متعلق ہے۔

نیب ذرائع کے مطابق ریفرنس کے ہمراہ گواہوں کی فہرست بھی عدالت میں پیش کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ ملزمان کیخلاف ٹھوس شواہد اکٹھے کرنے میں وقت لگا ہے جبکہ دوسری جانب توقیر صادق اپنے بیانات بدلتے رہے ہیں جس سے حکام کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ ایک سوال کے جواب میں ذرائع نے کہا کہ توقیر صادق کیس میں دیگر گرفتاریاں عدالت کے حکم پر کی جائیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ یوسف رضاگیلانی سمیت جو ملزم بار بار طلب کئے جانے کے باوجود نیب کے سامنے پیش نہیں ہوئے ان کے مستقبل کا فیصلہ بھی اب عدالت ہی کرے گی اور نیب عدالت کے احکامات پر مکمل عملدرآمد کرے گا۔

متعلقہ عنوان :