ٹیسٹ کرکٹر عمر اکمل کو ٹریفک وارڈن سے جھگڑے کے الزام میں تھانے کی ہوا کھانا پڑ گئی، عمر اکمل کے خلاف کارِ سرکار میں مداخلت، ٹریفک وارڈن کی، وردی پھاڑنے اور تیز رفتاری جیسی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے‘ اے ایس پی گلبرگ،بعد ازاں شخصی ضمانت پر رہا

اتوار 2 فروری 2014 08:41

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔2فروری۔2014ء)ٹیسٹ کرکٹر عمر اکمل کو ٹریفک وارڈن سے جھگڑے کے الزام میں تھانے کی ہوا کھانا پڑ گئی، انہیں حراست میں لے کر مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا۔ عمر اکمل کا مو قف ہے کہ وارڈن نے بدتمیزی اور ہاتھا پائی کی۔ وہ تو خود مقدمہ درج کرانے تھانے گئے تھے۔ اب تک عمر اکمل کی ضمانت بھی نہیں ہو سکی‘ اے ایس پی گلبرگ زاہد نواز نے بتایا کہ عمر اکمل کے خلاف کارِ سرکار میں مداخلت، ٹریفک وارڈن کی وردی پھاڑنے اور تیز رفتاری جیسی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق عمر اکمل کو ایک نہیں، 3ٹریفک وارڈنز نے روکا لیکن وہ شاید زیادہ ہی جلدی میں تھے۔ عمر اکمل کہتے ہیں کہ ٹریفک وارڈن نے تشدد کیا، گریبان پکڑا، چہرے پر زخم بھی آئے۔

(جاری ہے)

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ وارڈن قصور وار ثابت ہوا تو کارروائی کی جائے گی۔ عمر اکمل کے والد اور بھائی کامران اکمل بھی تھانہ گلبرگ پہنچ گئے۔ کامران اکمل کا کہنا ہے کہ انہیں اپنے بھائی سے ملنے ہی نہیں دیا گیا اور کچھ خبر نہیں کہ عمر کہاں ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم پاکستان کیلئے کھیلتے ہیں اور پاکستان کے ہیرو ہیں، میرے بھائی کے ساتھ پولیس کا رویہ افسوس ناک ہے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ شہباز شریف سے اس حوالے سے فوری نوٹس لینے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس معاملے کو وہ خود دیکھیں۔بعد ازاں کرکٹر عمر اکمل کو شخصی ضمانت پر رہا کردیاگیا،میڈیا رپورٹس کے مطابق کرکٹر عمر اکمل کو ٹریفک وارڈن سے جھگڑے کے بعد گرفتار کیا گیا تھا جس پر عمر اکمل پر کار سرکار میں مداخلت پر مقدمہ درج کیا گیا تھا،تاہم انہیں رات گئے شخصی ضمانت پر رہا کردیاگیا،جبکہ تھانہ کے ایس ایچ او کا کہنا ہے کہ عمر اکمل رہائی کے بعد اپنی رہائش گاہ روانہ ہوگئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :