غداری کیس،پرویز مشرف کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری وفاقی پولیس کو موصول ،آئی جی اسلام آباد نے وارنٹ گرفتاری کی تعمیل کیلئے ایس پی رورل کوتعمیلی افسر مقرر کر دیا

اتوار 2 فروری 2014 08:38

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔2فروری۔2014ء)غداری کیس میں سابق صدرپرویز مشرف کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری وفاقی پولیس کو موصول ہوگئے ہیں اور آئی جی پولیس اسلام آباد سکندر حیات نے وارنٹ گرفتاری کی تعمیل کے لئے ایس پی رورل کیپٹن(ر) الیاس کو بھیجتے ہوئے انہیں تعمیلی افسر مقرر کر دیا ہے۔ایس پی رورل کی ٹیم ایس ڈی پی او اور ایس ایچ او شہزاد ٹاوٴن سمیت دیگر افسران شامل ہونگے۔

وفاقی پولیس کے مطابق پرویز مشرف کے خلاف غداری کیس میں خصوصی عدالت کی جانب سے جاری کیے گئے وارنٹ گرفتاری انہیں موصول ہوگئے ہیں۔آئی جی آفس کے مطابق آئی جی اسلام آباد سکندر حیات نے خصوصی عدالت کی جانب سے موصول ہونے والے وارنٹ گرفتار ی ایس پی رورل کو بھیجتے ہوئے انہیں تعمیلی افسر مقرر کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

پولیس ذرائع کے مطابق سابق صدر کی رہائش گاہ کا رورل ایریا میں واقع جس کے باعث آئی جی اسلام آباد نے وارنٹ گرفتاری تعمیل کے لئے رورل زون کے ایس پی کو بھیجنے ہیں۔

ذرائع کے مطابق ایس پی رورل کیپٹن الیاس کی ٹیم میں ایس ڈی پی او شہزاد ٹاوٴن رانا طاہر اور ایس ایچ او شہزاد ٹاوٴن سب انسپکٹر غلام عباس کو بھی شامل کیا گیا ہے کیونکہ سابق صدر کا فارم ہاوٴس تھانہ شہزاد ٹاوٴن پولیس کے علاقہ میں واقع ہے۔پولیس کے مطابق سابق صدر کی جانب سے وارنٹ گرفتار ی کی مد میں زر ضمانت کی رقم کے پچیس لاکھ روپے کے مچلکے یا اسی مالیت کے ضمانتی مچلکے جمع کروائے جانے پر ان کی ضمانت متصورہو جائے گی اور اگر عدالت کی طرف سے طے کردہ ضمانت کے مچلکے جمع نہ کروائے گئے تو اس صورت میں پرویز مشرف کو وفاقی پولیس گرفتاری کر سکتی ہے تاہم دونوں صورتوں میں وفاقی پولیس کو مکمل عمل درآمد کر کے اس رپورٹ خصوصی عدالت میں جمع کروانی ہے۔

واضح رہے کہ 31جنوری جمعہ کے روز غداری مقدمہ کی سماعت کرنے والی تین رکنی خصوصی عدالت نے سابق صدر کی بیرون ملک علاج کیلئے اجازت اور عدالتی میں حاضری کی استدعا مسترد کرتے ہوئے ان کے 25لاکھ روپے کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر کے آئی جی اسلام آباد کو عدالتی احکامات پر عمل درآمد کر کے رپورٹ عدالت میں جمع کروانے کے احکامات جاری کیے تھے۔