جسٹس دوست محمد خان نے سپریم کورٹ کے جج کی حیثیت سے حلف اٹھالیا،چیف جسٹس تصدق حسین جیلانی نے حلف لیا‘ سپریم کورٹ میں ججوں کی تعداد 17 ہوگئی‘ جسٹس فصیح الملک چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ مقرر

ہفتہ 1 فروری 2014 08:51

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔1فروری۔2014ء) پشاور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس دوست محمد خان نے سپریم کورٹ کے جج کی حیثیت سے حلف اٹھالیا‘ چیف جسٹس تصدق حسین جیلانی نے ان سے حلف لیا‘ حلف برداری کی تقریب سپریم کورٹ میں ہوئی جہاں سپریم کورٹ کے ججز اور سینئر وکلاء سمیت دیگر اہم اور اعلی عہدوں پر فائز شخصیات نے شرکت کی۔ سابق چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ جسٹس دوست محمد خان نے سپریم کورٹ کے جج کی حیثیت سے اپنے عہدے کا حلف اٹھایا۔

(جاری ہے)

چیف جسٹس سپریم کورٹ جسٹس تصدق حسین جیلانی نے ان سے حلف لیا۔ جسٹس دوست محمد خان اس سے قبل پشاور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس بھی رہ چکے ہیں۔ سپریم کورٹ میں سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی ریٹائرمنٹ کے بعد یہ نشست خالی ہوئی تھی جس پر ان کی بطور جسٹس سپریم کورٹ تعیناتی ہوئی ہے۔ جسٹس دوست محمد خان کو سپریم کورٹ کا جج بنانے کی سمری صدر ممنون حسین نے منظور کی تھی۔ دوست محمد خان کی سپریم کورٹ میں تقرری کے بعد سینئر ترین جج میاں فصیح الملک کو پشاور ہائیکورٹ کا چیف جسٹس مقرر کردیا گیا ہے۔ جسٹس میاں فصیح الملک پشاور ہائیکورٹ کے 21 ویں چیف جسٹس ہوں گے۔