مشرف کے امریکہ کے سامنے ڈھیر ہونے کی وجہ سے ڈرون اور خود کش حملوں کا عذاب قوم سہ رہی ہے ۔ خواجہ سعد رفیق، ملک کو ملٹری سٹیٹ بنانے والا مشرف خدا کی پکڑ میں ہے جو بہت سخت ہوتی ہے ، حسینہ واجد کی بنگلہ دیش میں پاکستانی حامیوں کیخلاف کارروائیوں پر تشویش ہے یہ غیر اخلاقی اور غیر قانونی ہے،میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 1 فروری 2014 08:50

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔1فروری۔2014ء) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ مشرف کے امریکہ کے سامنے ڈھیر ہونے کی وجہ سے ڈرون اور خود کش حملوں کا عذاب قوم سہ رہی ہے ۔ ملک کو ملٹری سٹیٹ بنانے والا مشرف خدا کی پکڑ میں ہے جو بہت سخت ہوتی ہے ، حسینہ واجد کی بنگلہ دیش میں پاکستانی حامیوں کیخلاف کارروائیوں پر تشویش ہے یہ غیر اخلاقی اور غیر قانونی ہے ۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ عدالت نے اگر مشرف کو بیرون ملک جانے کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے تو سوچ سمجھ کر کیا ہے ۔ عدالتوں کے فیصلے سبھی کو تسلیم کرنے چاہئیں ۔ انہوں نے کہا کہ مشرف کے ماضی کا کردار کسی سے چھپا نہیں ۔ انہوں نے 12اکتوبر کو آئین پامال کیا اور پھر تین نومبر کو بھی بغاوت کی ۔

(جاری ہے)

انہیں 12 اکتوبر کی بھی سزا ملتی لیکن بدقسمتی سے ان کی اس حرکت کو پارلیمان نے تحفظ دیا تھا ۔

مشرف نے کارگل میں مسلح افواج کا جانی نقصان کروایا اور آج ڈرون اور خود کش حملوں کا جو عذاب پاکستانی قوم سہہ رہی ہے اور قبائلی برداشت کررہے ہیں یہ بزدل مشرف کی پالیسیوں کا نتیجہ ہے جو امریکہ کے سامنے ڈھیر ہوگیا اور انہیں وہ بھی د دیا جونہیں دینا چاہیے تھا ۔ انہوں نے کہا کہ مشرف نے یہ تمام حرکتیں دنیا میں اپنی غیر قانونی حکمرانی کو منانے کے لیے کیں اور فرد واحد نے اپنے مطلق العنان حکمرانی کے لئے نہ صرف پاکستانیوں بلکہ اپنے پڑوسی ملک کی آزادی پرغاضبانہ قبضہ کروانے کا اختیار نہیں مشرف نے لوگوں کو ناراض کیا لال مسجد واقعہ اور اکبر بگٹی کی شہادت ہوئی مشرف نے ملک کو ملٹری سٹیٹ بنا لیا تھا اب خدا کا شکر ہے کہ جمہوریت ٹریک پر واپس آئی ہے ملک محفوظ ہاتھوں میں ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ہم عدالتوں ، میڈیا ،پارلیمنٹ اور عوام کے سامنے جوابدہ ہیں مشرف کسی عدالت کی گرفت میں نہیں بلکہ خدا کی گرفت میں ہیں جو بڑی سخت ہوتی ہے انہوں نے کہا کہ حکومت کو آئین شکنوں کے ساتھ رعایت کا کوئی مینڈیٹ نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش سے تعلقات بہت اہم ہیں حسینہ واجد پاکستان کے حامیوں کو جس طرح سزائیں دلوا رہی ہے یہ غیر اخلاقی اور غیر قانونی ہے اور پاکستانی قوم کو اس پر تشویش ہے ۔