الطاف حسین برطانوی شہری ، انکے خلاف ہونے والی تحقیقات برطانیہ کا اندرونی معاملہ ہے،سید خورشید شاہ ،عدالت کی جانب سے مشرف کی پیشی کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں اس سے قبل ما ضی میں دو منتخب وزیر اعظم بھی عدالت میں پیش ہو چکے ہیں ،آج جب عدلیہ پرویز مشرف کو بلا رہی ہے تو انہیں بھی پیش ہو نا چاہئے، طالبان سے مذاکراتی ٹیم کا اعلان وفاقی حکومت کا خوش آئندہ فیصلہ ہے‘ مذاکرات ناکام ہوئے تو ن لیگ کی حکومت کیلئے مشکلات پیدا ہوجائیں گی‘ سکھر ائیرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 1 فروری 2014 08:45

سکھر (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔1فروری۔2014ء)قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ الطاف حسین برطانوی شہری ہیں اور انکے خلاف ہونے والی تحقیقات برطانیہ کا اندرونی معاملہ ہے،عدالت کی جانب سے مشرف کی پیشی کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں اس سے قبل ما ضی میں دو منتخب وزیر اعظم بھی عدالت میں پیش ہو چکے ہیں پیپلز پارٹی نے عدلیہ کے ہر فیصلے کو دل سے تسلیم کیا اور یہ اس کی ایک مثال ہے ،آج جب عدلیہ پرویز مشرف کو بلا رہی ہے تو انہیں بھی پیش ہو نا چاہئے ان خیالات کا اظہار انہوں نے سکھر ائیرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہاکہ ہم حکومت کے ہر اس فیصلے کی حمایت کرتے ہیں جس سے ملک کی سلامتی اور استحکام میں اضافہ ہو ،تھر کول منصوبے کا افتتاح وزیر اعظم نواز شریف اور آصف علی زرداری کی جانب سے مشترکہ طور پر کیا جانا خوش آئند ہے آنے والی حکومت کو جانیوالی حکومت کے منصوبے جاری رکھنا چاہئیں اور اس سے سیاسی فضا ء خوشگوار ہوئی ہے انہوں نے کہا کہ ملک سے دہشتگردی کا خاتمہ اس وقت سب سے بڑا چیلنج ہے، حکومت اور طالبان کے درمیان جو مذاکرا ت ہونے جارہے ہیں اس کی کامیابی کے لئے دعا گو ہیں اگر خدانخواستہ مذاکرات نا کا م ہوئے تو میا ں نواز شریف اور انکی حکومت کو بڑے چیلینجز کا سامنا کرنا پڑیگا ۔

(جاری ہے)

اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی و پبلک اکاؤنٹس کمیٹی چیئرمین خورشید شاہ نے کہا ہے کہ سابق صدر پرویز مشرف کے کیس میں عدالت کے فیصلے پر من و عن عمل درآمد ہونا چاہیے ‘ الله تعالیٰ سابق کمانڈو کو صحتیاب کرے۔ طالبان سے مذاکرات ناکام ہوئے تو مسلم لیگ ن کی حکومت کیلئے مشکل پیدا ہوجائے گی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امن کے قیام کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کو متحد ہونا چاہیے۔

طالبان سے مذاکرات کیلئے وزیراعظم نے مذاکراتی ٹیم کا اعلان کیا ہے جو کہ خوش آئندہ فیصلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی مسلم لیگ سے مکمل تعاون کرے گی اور امن کے لئے وفاقی حکومت کا ساتھ دے گی انہوں نے کہا کہ سابق صدر پرویز مشرف کے کیس میں عدالتی فیصلے پر عمل ہونا چاہیے مشرف کی صحت کیلئے دعا ہی کر سکتے ہیں۔