مسئلہ کشمیر حل کرنے کیلئے تیار ہیں ، بھارت ، نواز شریف بھارت سے تعلقات میں سنجیدہ ، وقت آگیا ہے کہ پرانی سوچ ترک کرکے نئے راستے پر آگے بڑھا جائے ، دونوں ممالک کی قیادت کو تعلقات کی بہتری کیلئے اہم فیصلے اور جامع مذا کرات کو بحال کرنا ہوگا ، بھارت پاکستان کے راستے ایران اور وسط ایشیا سے گیس لینے کے لیے تیار ہے ۔ تجارتی تعلقات کی رسائی میں توسیع ہونی چاہیے، فائر بندی معاہدے کی خلاف ورزی نہیں ہونی چاہیے اس سے کشیدگی کا ماحول بنتا ہے ، پاکستان دہشتگردی کے ہاتھوں بری طرح شکار ہمیں اسکا احساس ہے، بھارتی وزیر خارجہ کی پاکستانی صحافیوں سے گفتگو

جمعرات 30 جنوری 2014 08:10

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔30جنوری۔2014ء) بھارت نے کہاہے کہ و ہ مسئلہ کشمیر سمیت پاکستان کے ساتھ تمام تنازعات کا حل تلاش کرنے کیلئے بات چیت کرنے کیلئے تیار ہے ، وزیراعظم پاکستان میاں نواز شریف تعلقات کی بہتری کے لیے سنجیدہ ہیں ، وقت آگیا ہے کہ پرانی سوچ ترک کرکے نئے راستے پر آگے بڑھا جائے ، دونوں ممالک کی قیادت کو تعلقات کی بہتری کیلئے اہم فیصلے اور جامع مذا کرات کو بحال کرنا ہوگا ، یہ بات بھارتی وزیر خارجہ سلمان خورشید نے بھارت کے دورے پر موجود پاکستانی صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔

انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان کے راستے ایران اور وسط ایشیا سے گیس لینے کے لیے تیار ہے ۔ تجارتی تعلقات کی رسائی میں توسیع ہونی چاہیے ۔ میاں نواز شریف کی سنجیدگی پر شک نہیں کیا جاسکتا وہ بھارت سے تعلقات بہتر کرنے میں مخلص ہیں سلمان خورشید نے مزید کہا کہ بھارت مسئلہ کشمیر حل کرنے اور پاکستان سے پانی کا مسئلہ حل کرنے بارے بات چیت کے لیے تیار ہے ۔

(جاری ہے)

خطے میں پائیدار امن کے لیے دونو ں ممالک کو نئے اقدامات اٹھانا ہونگے وقت آگیا ہے کہ دونوں ممالک پرانی سوچ ترک کرکے نئے راستے پر آگے بڑھیں اور اچھے پڑوسیوں کی طرح باہمی تعاون کے ذریعے معاشی استحکام ، عوامی خوشحالی بلکہ خطے میں استحکام کے لیے کردار ادا کریں سلمان خورشید نے وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کے حالیہ دورہ بھارت کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس دورے سے دونوں ممالک کے تعلقات کو نئی جہت ملی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ خطے میں پائیدار امن کیلئے پاکستان اور بھارت کو باہمی طور پر نئے اقدامات کرنے ہونگے اور اس حوالے سے عوامی رابطوں کو اتنا بڑھایا جائے کہیہ ایک مہم بن جائے ۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کی جانب سے کوشش ہونی چاہیے کہ دونوں ملک نئی اور مثبت سوچ کے ساتھ کشمیر سمیت تمام مسائل کو بات چیت کے ذریعے حل کریں ۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے دونوں ملکوں کو سیاسی قیادت کو تعلقات کی بہتری کیلئے کچھ اہم فیصلے کرنے ہونگے اور اس کا تاج جس نے بھی سر پر باندھا تو اسے اس کا بوجھ بھی اٹھانا ہوگا بھارتی وزیر خارجہ کی پنتالیس منٹ کی گفتگو میں بھارت کی جانب سے پاکستان کیلئے امن کا پیغام آیا ہے اور پیغام میں بھارت کی جانب سے زور دیا گیا کہ پاکستان اور بھارت کو بالاآخر مذاکرات کے عمل کو بحال کرنا ہوگا لیکن انہوں نے کہا کہ کنٹرول لائن پر کشیدگی ختم کرنے کیلئے دونوں ملکوں کے درمیان ڈی جی ایم اوز کی میٹنگ کو بھی بھارت سراہتا ہے لیکن اس کے بعد سلمان خورشید نے شکایت بھی کی کہ دونوں ملکوں کے درمیان فائر بندی کے معاہدے کی پھر سے خلاف ورزی کی گئی جو کہ نہیں ہونی چاہیے کیونکہ اس سے کشیدگی کا ماحول بنتا ہے ۔

بھارتی وزیر خارجہ نے دہشتگردی کے حوالے سے کہا کہ پاکستان اور بھارت دونوں ممالک دہشتگردی سے بری طرح شکار ہیں لیکن پاکستان دہشتگردی کے ہاتھوں زیادہ بری طرح شکار ہے اور بھارت کو احساس ہے کہ پاکستان میں دہشتگردی کی لہر سے خون خرابے کی فضا بنی ہوئی ہے ۔