پشاور یونیورسٹی میں ملالہ یوسفزئی کی کتاب ” آئی ایم ملالہ “ کی تقریب رونمائی روک دی گئی،تحریک انصاف حکومت کی مداخلت پر کتاب کی تقریب رونمائی روکی گئی ہے ، باچا خان ایجوکیشن ٹرسٹ کا الزام ، حکومت کی طرف سے سکیورٹی دینے سے انکار پر خدشات پیدا ہوگئے تھے ، صوبائی حکومت کے دو وزراء کی طرف سے یونیورسٹی انتظامیہ پر براہ راست دباؤ بھی ڈالا گیا کہ تقریب منسوخ کی جائے ، یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے بھی تقریب کے انعقاد پر اعتراض کئے گئے تھے ، ڈاکٹر خادم حسین ، ا س سے پہلے پنجاب کے نجی سکولوں کی ایک تنظیم آل پاکستان پرائیویٹ سکولز فیڈریشن کی طرف سے ملالہ یوسف زئی کی کتابپر پابندی عائد کر دی گئی تھی، تحریک طالبان پاکستان کی جانب سے بھی کتاب فروخت کرنے والے دوکانداروں کو دھمکیاں دی گئی تھیں، خیبر پختونخواہ کی صوبائی حکومت کی جانب سے ا س حوالے سے کوئی موقف سامنے نہیں آسکا

بدھ 29 جنوری 2014 08:07

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔29جنوری۔2014ء) پشاور یونیورسٹی میں ملالہ یوسفزئی کی کتاب کی تقریب رونمائی روک دی گئی ،پاکستان کے صوبے خیبر پختونخوا کی سول سوسائٹی کی تنظیموں نے کہا ہے کہ تحریک انصاف حکومت کی مداخلت پر پشاور یونیورسٹی میں ملالہ یوسف زئی کی کتاب کی تقریبِ رونمائی روک دی گئی ہے۔باچا خان ایجوکیشن ٹرسٹ کے سربراہ ڈاکٹر خادم حسین نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے الزام لگایا کہ منگل کو ایریا سٹڈی سنٹر پشاور یونیورسٹی میں ملالہ یوسف زئی کی کتاب ’آئی ایم ملالہ’ کی تقریب رونمائی منعقد ہونا تھی تاہم صوبائی حکومت کی براہ راست مداخلت پر یہ تقریب روک دی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مذکورہ تقریب باچا خان ایجوکیشن ٹرسٹ، ایریا سٹڈی سنٹر اور سول سوسائٹی کی تنظیم ایس پی او کی طرف سے مشترکہ طور پر منعقد کی جانی تھی۔

(جاری ہے)

نہوں نے کہا کہ پولیس کی طرف سے ان کو بتایا گیا کہ وہ سکیورٹی فراہم نہیں کر سکتے جس کی وجہ سے تقریب کا انعقاد روک دیا گیا ہے ڈاکٹر خادم حسین نے مزید الزام لگایا کہ صوبائی حکومت کے دو وزراء کی طرف سے یونیورسٹی انتظامیہ پر براہ راست دباوٴ ڈالا گیا کہ وہ تقریب کی اجازت نہ دے اور اس سلسلے میں بعض اہم سرکاری اہلکاروں کی جانب سے ایریا سٹڈی سنٹر کے سنئیر پروفیسرز کو ٹیلی فون بھی کیے گئے۔

انہوں نے کہا کہ تقریب میں شرکت کرنے کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کے نمائندوں، سسنئیر پروفیسروں اور سول سوسائٹی کی تنظمیوں کو دعوت دی گئی تھی۔ادھر پشاور پولیس کے سربراہ اعجاز خان نے تصدیق کی کہ بعض سکیورٹی خدشات کے باعث کتاب کی تقریب رنمائی روک دی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ تقریب کے منتظمین کی طرف سے پولیس کو پہلے سے کوئی اطلاع نہیں دی گئی تھی جبکہ یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے بھی تقریب کے انعقاد پر بعض اعتراض کیے گئے تھے جس کے باعث تقریب کی اجازت نہیں دی گئی۔

صوبائی حکومت کی جانب سے اس معاملے پر کوئی موقف سامنے نہیں آیا خیال رہے کہ ملالہ یوسف زئی کی کتاب ’آئی ایم ملالہ’ گذشتہ سال اکتوبر میں امریکہ اور برطانیہ کے ممالک میں شائع کی گئی تھی۔ یہ کتاب ملالہ یوسف زئی اور برطانوی صحافی کرسٹینا لیمب نے مشترکہ طور پر لکھی ہے۔یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ پنجاب کے نجی سکولوں کی ایک تنظیم آل پاکستان پرائیویٹ سکولز فیڈریشن کی طرف سے ملالہ یوسف زئی کی کتاب آئی ایم ملالہ پر پابندی عائد کر دی گئی تھی۔ اس کے علاوہ تحریک طالبان پاکستان کی جانب سے بھی کتاب فروخت کرنے والے دوکانداروں کو دھمکیاں دی گئی تھیں۔