وزیراعظم سے آرمی چیف کی ملاقات‘ شمالی وزیرستان آپریشن سمیت ملک کی سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال،وزیراعظم کی ( آج) قومی اسمبلی میں آمد متوقع،طالبان سے مذاکرات یا آپریشن کے حوالے سے اہم اعلانات کا امکان

بدھ 29 جنوری 2014 08:06

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔29جنوری۔2014ء) وزیراعظم میاں محمد نواز شریف سے آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے ملاقات کی۔ ملاقات میں ملک کی مجموعی سکیورٹی صورتحال سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا تفصیلات کے مطابق منگل کو وزیراعظم ہاؤس میں پاک فوج کے سربراہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے وزیراعظم سے ملاقات کی۔ وزیر اعظم ہاؤس میں ہونے والی ملاقات میں ملک میں امن و امان اور ملکی سرحدوں سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا آرمی چیف نے شدت پسندوں کے خلاف شمالی وزیرستان میں ہونے والی کارروائی سے وزیراعظم کو آگاہ کیا وزیراعظم نے آرمی چیف کو بتایا کہ پارلیمانی پارٹی اجلاس میں اکثریتی ارکان نے حکومتی رٹ کو تسلیم نہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرنے کا کہا جبکہ آئین کو تسلیم کرنے والوں کے ساتھ مذاکرات کرنے کا کہا۔

(جاری ہے)

اپوزیشن کا احتجاج رنگ لے آیا، وزیراعظم محمد نوازشریف ( آج) بدھ کو قومی اسمبلی میں شرکت کرینگے جس میں وزیراعظم کی طرف سے طالبان سے مذاکرات یا آپریشن کے حوالہ سے اہم اعلانات متوقع ہیں ، مسلم لیگ (ن) کے اراکین اسمبلی اور وزراء کو حاضری یقینی بنانے کی ہدایت اسمبلی میں چیف وہپ ارکان کی حاضری چیک کرینگے ۔ ذرائع نے خبر رساں ادارے کو بتایا کہ سپیکر قومی اسمبلی نے وزیراعظم کی آمد پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کی ہدایت کردی ۔

قومی اسمبلی کا اجلاس بروقت ہوگا چیف وہپ ممبران کی حاضری کو چیک کرے گا اور غیر حاضر ارکان کیخلاف ڈسپلنری کارروائی بھی کی جاسکتی ہے ۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ وزیراعظم میاں نواز شریف وزیراعظم بننے کے بعد دوسری دفعہ قومی اسمبلی میں آرہے ہیں جبکہ سینٹ کے ا جلاس میں تاحال وزیر اعظم نے شرکت نہیں کی ۔ واضح رہے کہ وزیراعظم کی قومی اسمبلی کے اجلاس میں مسلسل عدم شرکت کے حوالے سے پیپلز پارٹی کے رکن عمران ظفر لغاری نے ان کی نااہلیت کے حوالے سے تحریک التواء بھی قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کرائی ہوئی ہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ ارکان قومی اسمبلی کام کرانے کے لیے وزیراعظم کے چیمبر میں ملاقاتیں بھی کرینگے ۔