پاکستان تحریک انصاف کا این اے 69خوشاب کے ضمنی الیکشن میں مبینہ دھاندلی کے خلاف الیکشن کمیشن آف پاکستان کے باہر بھرپور احتجاجی مظاہرہ،حلقے کے انتخابی نتائج روک کر انگوٹھے کے نشانوں سے دوبارہ گنتی کے لئے الیکشن کمیشن آف پاکستان میں درخواست دائر کر دی گئی ،خوشاب کے ضمنی الیکشن میں دھاندلی کے خلاف سپریم کورٹ تک جائیں گے،عمران خان

منگل 28 جنوری 2014 08:57

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔28جنوری۔2014ء)پاکستان تحریک انصاف کا این اے 69خوشاب کے ضمنی الیکشن میں مبینہ دھاندلی کے خلاف الیکشن کمیشن آف پاکستان کے باہر بھرپور احتجاجی مظاہرہ،حلقے کے انتخابی نتائج روک کر انگوٹھے کے نشانوں سے دوبارہ گنتی کے لئے الیکشن کمیشن آف پاکستان میں درخواست دائر کر دی گئی جبکہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ خوشاب کے ضمنی الیکشن میں دھاندلی کے خلاف سپریم کورٹ تک جائیں گے،آٹھ ماہ قبل صرف چار حلقوں کے نتائج کا انگوٹھوں کے نشان سے دوبارہ گنتی کا مطالبہ کیا گیا تھا جو آج تک پورا نہیں کیا گیا اگر حکومت اس پر عمل درآمد کو یقینی بنا دیتی تو آج یہ نوبت نہ آتی،حکومت خاموشی کے ساتھ اپنے پانچ سال گزارنا چاہتی ہے مگر تحریک انصاف صا ف شفاف انتخابات کے لئے جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔

(جاری ہے)

ادھر این اے 69سے تحریک انصاف کے امیدوار عمر اسلم نے کہا کہ حلقے میں ریکارڈ دھاندلی ہوئی ہے اگر انصاف نہ ملا تو تحریک انصاف ملک گھیر احتجاج شروع کر سکتی ہے۔پیر کے روز پاکستان تحریک انصاف کے سینکڑوں کارکنوں نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کے سامنے خوشاب کے حلقہ این اے 69میں ہونے والے ضمنی الیکشن میں مبینہ دھاندلی کے خلاف الیکشن کمیشن آف پاکستان کے باہر بھرپور احتجاج کیا اور حلقے کے انتخابی نتائج روک کر تھمب امپریشن سے دوبارہ گنتی کا مطالبہ کیا ۔

اس موقع پر این اے 69سے پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار عمر اسلم کی جانب سے الیکشن کمیشن آف پاکستان میں ایک درخواست بھی جمع کروائی گئی ، درخواست میں الیکشن کمیشن آپ پاکستان سے دو مطالبے کیے گئے ہیں جن میں حلقے کے موجودہ انتخابی نتائج روکنے اور انگوٹھوں کے نشان سے دوبارہ گنتی کے مطالبے شامل ہیں۔اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت دھاندلی کے ذریعے آئی ہے ،تحریک انصاف نے 8ماہ قبل قومی اسمبلی کے کوئی سے بھی چار حلقوں میں انگوٹھوں کے نشانات سے دوبارہ گنتی کا مطالبہ کیا تھا مگر حکومت نے دھاندلی بے نقاب ہونے کے ڈر سے آج تک یہ مطالبہ تو پور ا کیا نہیں ارو اس ضمن میں اقدامات کرنے والے سابق چیئرمین نادرا طارق ملک کو عہدے سے ہٹا کر اپنی راہ کی رکاوٹوں صاف کر دی ہیں۔

عمران خان نے اعلان کیا کہ وہ ضمنی الیکشن میں ہونے والے دھاندلی کے خلاف سپریم کورٹ آف پاکستان تک جائیں گے،انہوں نے مبینہ دھاندلی پر چیف جسٹس آف پاکستان سے نوٹس لینے کا بھی مطالبہ کیا ۔اس موقع پر تحریک انصاف کے راہنما اور این اے 69کے امیدوار عمر اسلم نے ”خبر رساں ادارے“ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حلقے میں میں تین لاکھ 37ہزار رجسٹرڈ ووٹر ہیں جبکہ الیکشن میں ٹرن آوٴٹ 35فیصد رہا ہے۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ مسلم لیگ ن کی جانب سے 40ہزار بوگس ووٹ پول کیے گئے جو اگر نکال لئے جائیں تو وہ مخالف امیدوار سے 20ووٹوں کی برتری سے کامیاب قرار پاتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان میں درخواست دی گئی ہے جس میں مذکورہ مطالبہ رکھے گئے ہیں اور اس کے خلاف اگلا لائحہ سپریم کورٹ میں جانے کا طے کیا گیا ہے تاہم ان کی ذاتی رائے ہے کہ اس دھاندلی کے خلاف تحریک انصاف کو ملک گھیر احتجاج شروع کرنا چاہئے جس کے لئے وہ پارٹی چیف عمران خان کو راضی کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔