وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ کا صوبے میں مارچ میں بلدیاتی انتخابات کرانے کا اعلان،اپوزیشن جماعتوں نے ایک ہی پلیٹ فارم سے بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے کا اعلان کردیا

منگل 28 جنوری 2014 08:56

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔28جنوری۔2014ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ پرویز خٹک نے صوبے میں مارچ میں بلدیاتی انتخابات کرانے کا اعلان کردیا دوسری جانب اپوزیشن جماعتوں نے ایک ہی پلیٹ فارم سے بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے کا اعلان کردیا پیر کے روز پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پرویز خٹک نے کہا کہ خیبرپختونخواہ میں مارچ تک بلدیاتی انتخابات کرالیے جا ئیں گے اور بلدیاتی انتخابات کے لئے جلد الیکشن کمیشن سے رابطہ کریں گے دوسری جانب پاکستان پیپلزپارٹی اے این پی اور جے یو آئی (ف) نے خیبرپختونخواہ میں ایک ہی پلیٹ فارم سے انتخابات میں حصہ لینے کا اعلان کردیا ہے اے این پی کے رہنماء میاں افتخار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ تینوں جماعتوں کے مشترکہ اجلاس میں بلدیاتی انتخابات مل کر لڑنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اپوزیشن کی تینوں جماعتیں ایک ہی نشان پر بلدیاتی انتخابات میں حصہ لیں گی اپوزیشن جماعتوں کے درمیان سیٹ ایڈجسٹمنٹ اور دیگر امور کا فیصلہ شیڈول جاری ہونے کے بعد طے ہوگا۔