مولانا فضل الرحمن کی اگلے چند روز میں وزیر اعظم سے ملاقات متوقع، وزیراعظم کو شمالی وزیرستان میں جاری آپریشن پر تحفظات سے آگاہ کریں گے،ذرائع

پیر 27 جنوری 2014 08:19

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔27جنوری۔2014ء)جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کی اگلے چند روز میں وزیر اعظم نوازشریف سے ملاقات متوقع ہے جس میں وہ وزیراعظم کو شمالی وزیرستان میں جاری آپریشن پر تحفظات سے آگاہ کریں گے۔ باوثوق ذرائع نے خبر رساں ادارے کو بتایا کہ جے یو آئی (ف) جو کہ حکومت کی انتہائی اہم اتحادی جماعت ہے کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کی جلد وزیر اعظم سے ملاقات متوقع ہے۔

ذرائع کے مطابق ملاقات میں مولانا فضل الرحمن شمالی وزیرستان میں جاری آپریشن پر اپنے تحفظات کا اظہار کریں گے اور مطالبہ کریں گے کہ آپریشن کو فوری طور پر روک کر مذاکرات کا عمل شروع کیا جائے کیونکہ جے یو آئی (ف) کا موقف ہے کہ ملک میں امن کے لئے واحد راستہ مذاکرات ہی ہے ۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمن اپنے دورہ سعودی عرب کے حوالے سے بھی وزیر اعظم کو آگاہ کریں گے ۔

ملک کی مجموعی سیاسی و امن امان اور صوبہ خیبر پختونخواہ کی صورت حال پر بات چیت ہوگی ۔اس سلسلے میں موقف جاننے کے لئے خبر رساں ادارے نے جے یو آئی (ف) کے مرکزی ترجمان جان محمد اچکزئی سے رابطہ کی بہت کوشش کی لیکن ان سے موبائل فون پر رابطہ نہ ہو سکا ۔واضح رہے کہ اس سے قبل شمالی وزیرستان میں جاری آپریشن پر مولانا سمیع الحق ،حکومت باالخصوص وزیر اعظم نواز شریف کو اپنا احتجاج ریکارڈ کراتے ہوئے حکومت طالبان مذاکرات سے علیحدگی اختیار کر لی ہے۔