حکومت کے رواں مالی سال کے لئے مقرر اقتصادی اہداف کے حصول میں پیش رفت پراطمینان بحش ہے ،اسحاق ڈار ، یورپی یو نین سے جی ایس پی پلس کا درجہ ملنے کے بعد ملک میں غیرملکی سرما یہ آنے سے صورتحال میں مزید بہتری آئے گی، وزیر خزانہ کا اقتصادی صورتحال کے حوالے سے جائزہ اجلاس سے خطاب ، حکومتی اقدامات سے گزشتہ دو ماہ میں مہنگائی کی شرح میں کمی واقع ہو ئی ہے، کھانے پینے و عام استعمال کی اشیاء کی قیمتوں میں مسلسل کمی اور استحکام آرہا ہے، برآمدات میں 3.2فیصد ، درآمدات میں 3.9فیصداضافہ ہوا ہے،سیکریٹری خزانہ کی اجلاس کو بریفنگ

اتوار 26 جنوری 2014 08:45

اسلام آبا د (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔26جنوری۔2013ء)وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے موجودہ حکومت کے رواں مالی سال کے لئے مقرر کردہ اقتصادی اہداف کے حصول کے سلسلے میں پیش رفت پراطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یورپی یو نین کی طرف سے جی ایس پی پلس کا درجہ ملنے کے بعد ملک میں غیرملکی سرما یہ آنے سے صورتحال میں مزید بہتری آئے گی،انہوں نے نجی شعبے کو قرضوں کی فراہمی میں اضافے پر بھی اطمینان کا اظہار کیا ہے ۔

تفصیلات کے مطابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت ہفتہ کو یہاں اقتصادی صورتحال کے حوالے سے ایک جائزہ اجلاس ہوا جس میں سیکریٹری خزانہ نے ملک میں مہنگائی پر قابوپانے کے حکومتی اقدامات اور ملکی مجموعی معاشی صورتحال پر اجلاس کو بریفنگ دی۔سیکریٹری خزانہ نے بریفنگ میں کہا کہ حکومتی اقدامات کے نتیجے میں گزشتہ دو ماہ کے وران مہنگائی کی شرح میں کمی واقع ہو ئی ہے۔

(جاری ہے)

وزیر خزانہ کو بتایا گیا کہ انڈے، گھی، پیاز، ٹماٹر، کیلا، لال مرچ اور چاول جیسی کھانے پینے کی بنیادی اشیاء کی قیمتوں میں مسلسل کمی ہورہی ہے جبکہ بریڈ، بڑا گوشت، مرغی، تازہ دودھ، تیار کردہ دالیں، ماچس، پیٹرول، ڈیزل اور نہانے کے صابن کی قیمتوں میں استحکام آیا ہے۔اجلاس میں ملکی ادائیگیوں کے توازن کی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے بتایا گیا کہ دسمبر میں جاری کھاتے اٹھائیس کروڑ پچاس لاکھ ڈالر کے ساتھ سرپلس رہے جس کی وجہ ترسیلات زر میں نو اعشاریہ پانچ فیصد کا اضافہ ہے۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ برآمدات میں 3.2فیصد جبکہ درآمدات میں 3.9فیصداضافہ ہوا ہے،مشنری کی درآمدات میں 26فیصد اضافہ ہو ا ہے جو ٹیکسٹائل کے شعبے کی ترقی کیلئے انہتائی حوصلہ مندہے۔وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کی حکومت کے رواں مالی سال کے لئے مقرر کردہ اقتصادی اہداف کے حصول کے سلسلے میں پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ جی ایس پی پلس کا درجہ ملنے کے بعد غیرملکی سرمائے کی آمد سے ملکی صورتحال میں مزید بہتری آئے گی۔ اجلاس میں وزیر خزانہ کو بتایا گیا کہ نجی شعبوں کو قرضے کی فراہمی53 ارب روپے سے بڑھ کر 230 ارب روپے ہوگئی ہے۔وزیر خزانہ نے نجی شعبے کو قرضوں کی فراہمی میں اضافے پر اطمنان کا اظہار کیا۔اجلاس میں بتایا گیا کہ رواں مالی سال کے پہلے پانچ ماہ می بڑے پیمانے کی صنعتوں کی ترقی کی رفتار پانچ اعشاریہ دو فیصد رہی جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں یہ رفتار دو اعشاریہ دو فیصد تھی۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ پندرہ جنوری تک کپاس کی ایک کروڑ اٹھائیس لاکھ اسی ہزار گھانٹیں زرعی شعبے کو موصول ہوئیں ہیں جن میں سات اعشاریہ پانچ فیصد اضافہ ہوا ہے جو اقتصادی سرگرمیوں میں مزید تیزی باعث بنے گا۔