خضدار میں زمین میں 15کے قریب لاشیں برآمد، دو لاشوں کو شناخت کیلئے سول ہسپتال پہنچا دیا گیا،لیویز کے عملے کو 2نامعلوم افراد کی کئی روز پرانی نعشیں برآمد

اتوار 26 جنوری 2014 08:43

خضدار(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔26جنوری۔2013ء)ضلع خضدار کے علاقہ توتک کے موضع مشری گرندین سے زمین میں 15کے قریب لاشیں برآمد جن میں سے دو لاشوں کو شناخت کیلئے سول ہسپتال پہنچا دیا گیا لاشوں کی حالت انتہائی خراب ہے بلکہ صرف ہڈیاں ہیں جوکہ تقریباً ناقابل شناخت ہیں صرف کپڑوں پر ہی شناخت کیاجاسکتا ہے ڈپٹی کمشنر خضدار سید عبدالوحیدشاہ نے بتایا کہ اطلاع ملی کہ توتک کے علاقوں میں نامعلوم لوگ زمین میں دفن کردیئے گئے ہیں جن میں کچھ کے اعضا نظرآرہے ہیں جس پر اسسٹنٹ کمشنر خضدار افضل کی سربراہی میں لیویز اور ایف سی کی بھاری نفری نے وہاں پہنچ کر ان لاشوں کو نکالا جن میں سے دو افراد کی لاشوں کو شناخت اورثبوت کے طور پر خضدار سول ہسپتال پہنچادیا گیا جبکہ دیگر اس علاقے میں زمین میں ہیں لیویز انتظامیہ نے بتایا کہ جن لاشوں کو سول ہسپتال لایا گیا تقریباً ایک ماہ پرانی لگتی ہیں جن کی صرف ہڈیاں ڈھانچے ہیں ان کو اور ان کے جسم پر ہونے والے کپڑوں کو شناخت کیلئے سول ہسپتال میں رکھا گیا ہے جبکہ آج مزید کھدائی کی جائے گی ڈپٹی کمشنر کے مطابق لاشوں کی تعداد 15یا اس سے بھی زیادہ ہوسکتی ہے مکمل کھدائی اور تفتیش کے بعد ہی اصل حقیقت ومعلومات سامنے آسکتی ہیں یہ لاشیں کن کی ہیں جبکہ مختلف قسم کی چہ میگوئیاں بھی ہورہی ہیں کہ شاید یہ لاشیں لاپتہ ہونے والے یا مختلف حوالے سے اغواء کئے جانے والے لوگوں کی بھی ہوسکتی ہیں سرکاری سطح پر بھی موقف آنے یا اطلاع پر کارروائی کرکے لاشیں برآمد کرنے والی انتظامیہ کا موقف سامنے آنے سے ہی اصل حقیقت یا معلومات سامنے آسکتی ہیں۔

(جاری ہے)

خضدار لیویز کے عملے نے2نامعلوم افراد کی کئی روز پرانی نعشیں برآمد کرکے ہسپتال پہنچا دیں یہاں آمدہ اطلاعات کے مطابق گزشتہ روز خضدار لیویز کے عملے کو اطلاع ملی کہ توتک بی ایریا میں2نامعلوم افراد کی نعشیں پڑی ہوئی ہیں جس پر لیویز نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور دو نامعلوم افراد کی نعشیں تحویل میں لے کر ہسپتال پہنچادیں پولیس کے مطابق دونوں نعشیں پندرہ سے بیس روز پرانی ہیں جو ڈھانچے میں تبدیل ہوچکی ہیں اس لئے ان کی شناخت ناممکن ہے نعشیں ضروری کارروائی کے بعد مردہ خانے میں رکھ دی گئیں۔