کراچی، لانڈھی میں نامعلوم افراد کی پولیس موبائل پر فائرنگ اور دستی بم حملہ، 6پولیس اہلکار جاں بحق ،پولیس موبائل مہاجر قومی موومنٹ کے چیئرمین آفاق احمد کی رہائش گاہ پر تعینات تھی، فائرنگ اور تشدد کے دیگر واقعات9افراد جاں بحق

اتوار 26 جنوری 2014 08:42

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔26جنوری۔2013ء)کراچی کے علاقے لانڈھی میں نامعلوم افراد کی جانب سے پولیس موبائل پر فائرنگ اور دستی بم حملہ، 6پولیس اہلکار جاں بحق ، پولیس موبائل مہاجر قومی موومنٹ کے چیئرمین آفاق احمد کی رہائش گاہ پر تعینات تھی۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے میں لانڈھی تھانے کی حدود لانڈھی نمبر 6میں ہفتہ کی رات نامعلوم افراد نے مہاجر قومی موومنٹ کے چیئرمین آفاق احمد کی گلی میں تعینات دو پولیس موبائلوں پر دستی بم حملہ کے بعد فائرنگ کردی جس کے نتیجہ میں 6پولیس اہلکار زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کے لیے جناح اسپتال منتقل کیاجارہا تھا کہ وہ رستہ میں دم توڑ گئے، پولیس ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والے پولیس اہلکاروں میں جاوید، عاصم خان، فدا حسین، نعیم احمد ، آصف علی اور خلیل احمد شامل ہیں جبکہ نامعلوم افراد نے پہلے ریپیڈ فورس کی موبائل پر دستی بم حملہ کیا اور اس دوران دہشت گرد فرار ہورہے تھے کہ سامنے سے پولیس موبائل آگئی جس پر موٹر سائیکل سوار دہشت گردوں نے فائرنگ کردی ، پولیس ذرائع کے مطابق پولیس اہلکار مہاجر قومی موومنٹ کے چیئرمین آفاق احمد کی رہائش گاہ پر تعینات تھے ۔

(جاری ہے)

کراچی کے علاقے لیاری میں احمد شاہ بخاری روڈ پر دو گروپوں میں فائرنگ اور کریکرحملے کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا جبکہ خاتون سمیت 2 افراد زخمی ہوگئے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق کراچی کے علاقے لیاری میں دو گروپوں کے درمیان ہونے والا جھگڑا تھم نہ سکا، فائرنگ اور پر تشدد واقعات میں مزید ایک شخص جاں بحق اور خاتون سمیت دو افراد زخمی ہوگئے۔

لیاری میں گزشتہ کئی ماہ سے دو گروپوں کے درمیان مسلح تصادم جاری ہے جس کی زد میں آکر متعدد افراد اپنی جان سے ہاتھ دھوبیٹھے ہیں۔ تازہ واقعات میں دو گروپوں کے درمیان مسلح تصادم شروع ہوا جس میں فائرنگ اور دستی بموں کا آزادانہ استعمال کیا گیا۔ احمد شاہ بخاری روڈ پرکریکر حملے سے خاتون سمیت 2 افراد زخمی ہوگئے۔ دوسری جانب لیاری کے علاقے نیا آباد میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔

کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ اور پرتشدد کاروائیوں میں پولیس اہلکار سمیت4افراد قتل،لانڈھی میں فائرنگ سے 2افراد زخمی ہوگئے ۔تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے سرجانی ٹاون میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے پولیس اہلکار جاں بحق ہوگیا۔ پولیس کے مطابق نامعلوم افراد نے سرجانی ٹاون سیکٹر35میں پولیس اہلکار کو گولیوں کا نشانہ بنایا۔ پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت اے ایس آئی صابر کے نام سے ہوئی ہے۔

پولیس کے مطابق لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لئے عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔دوسری جانب بلدیہ ٹاون کے علاقے سعید آباد میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔ پولیس کے مطابق بلدیہ کے علاقے سعید آباد 19ڈی واقع ایک پان شاپ پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 30 سالہ اسلم جاں بحق ہوگیا۔پولیس کے مطابق مقتول کی لاش سول اسپتال منتقل کرکے مزید تفتیش شروع کردی۔

قبل ازیں ہفتہ کی صبح گلبہار تھانے کی حدود تین ہٹی لسبیلہ پل کے نیچے سے 2 مغویوں کی تشدد زدہ ہاتھ پاؤں بندھی نعشیں ملیں جنہیں نامعلوم ملزمان نے اغوا اور بہیمانہ تشد کے بعد فائرنگ کرکے ہلاک کیا اور مذکورہ مقام پر پھینک کر فرار ہوگئے جبکہ نعش ملنے کی اطلاع پر ایک گھنٹے تک جمشید کوارٹر اور گلبہار پولیس حدود کے تنازع پر لڑتی رہی تاہم مقتولین کی شناخت بھی نہیں ہوئی۔

ادھر لیاری کے علاقے بغدادی گبول چوک کے قریب نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کرکے 30 سالہ شخص کو ہلاک کردیا اور موقع سے فرار ہوگئے۔کراچی کے علاقے لیاری میں پولیس اور رینجرز سے مقابلوں کے دوران دو ملزمان ہلاک ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری نے کراچی میں لیاری کے علاقے بغدادی میں تاج ہوٹل کی قریبی گلی میں گینگ وار میں ملوث ملزمان کے ٹھکانے پر چھاپہ مارا جہاں ملزمان اور اہلکاروں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں ایک ملزم 30 سالہ عبدالجبار ہلاک ہوگیا جبکہ اس کے ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، ملزم کی لاش سول اسپتال منتقل کی گئی۔

پولیس کے مطابق کارروائی کے دوران ایک سب مشین گن اور دو دستی بم برآمد کرلئے۔پولیس کے مطابق جبار کا تعلق بابا لاڈلا گروپ سے تھا اور جبار پولیس کو مختلف مقدما ت میں مطلوب تھا۔دوسری جانب لیاری کے تھانہ چاکیواڑہ کی حدود رانگی واڑہ میں پولیس نے خفیہ اطلاع پر چھاپہ مارا تو ملزمان نے اہلکاروں پر فائرنگ کردی پولیس کی جوابی فائرنگ سے ایک ملزم نذر بلوچ ہلاک ہوگیا جس کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے سول اسپتال پہنچائی گئی۔ پولیس کے مطابق ملزم کا تعلق گینگ وار میں ملوث گروہ سے ہے۔