تھری جی نیلامی کا عمل مارچ میں مکمل کرلیاجائیگا،انوشہ رحمان

بدھ 22 جنوری 2014 06:21

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔22جنوری۔2013ء)وزیرمملکت آئی ٹی انوشہ رحمان نے کہا ہے کہ سائبرکرائم قوانین کا مسودہ فروری جبکہ تھری جی نیلامی کا عمل مارچ میں مکمل کرلیاجائیگا۔ سیکریٹری آئی ٹی کا کہنا ہے کہ پاکستان میں موبائل فون استعمال کرنے والوں کی تعداد 12 کروڑ 90 لاکھ ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی انفارمیشن ٹیکنالوجی کا پہلااجلاس چیئرمین کیپٹن صفدر کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوا۔

وزیر مملکت انوشے رحمان نے بتایاکہ اپریل تک ٹیلے کام پالیسی تیار کر لی جائے گی۔

(جاری ہے)

سیکریٹری آئی ٹی اخلاق تارڑ نے بتایاکہ ملک میں 72 فیصد آبادی کے پاس موبائل فون ہے۔ سابق وزیر آئی ٹی اویس لغاری نے سوال اٹھایا کہ یونیورسل سروس فنڈ اور ریسرچ ڈویلپمنٹ کے اربوں روپے کہاں ہیں؟وزیرمملکت نے کہاکہ یہ رقم 67 ارب روپے ہے جو یونیورسل سروس فنڈ کی کمپنی کے پاس نہیں بلکہ حکومت نے نیشنل بینک میں رکھ دی ہے۔ اویس لغاری نے کہا کہ اس بارے میں قائمہ کمیٹی کو تفصیلی بریفنگ دی جائے۔ چیئرمین قائمہ کمیٹی نے ایک ارب 70 کروڑ روپے کے فنڈز سے بلوچستان اور فاٹا میں فائبر آپٹک اور ٹیلے سینٹر منصوبوں کے جائزہ کے لیے سب کمیٹی قائم کردی ہے۔