آر اے بازار بم دھماکے کے زخمیوں میں پنجاب حکومت کی طرف سے امدادی چیک تقسیم

بدھ 22 جنوری 2014 06:20

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔22جنوری۔2013ء)وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایت پر رکن صوبائی اسمبلی ملک افتخار ، سابق ایم پی اے چوہدری محمد ایاز اور ڈی سی او راولپنڈی ساجد ظفر ڈال نے سی ایم ایچ راولپنڈی کا دورہ کر کے آر اے بازار بم دھماکے کے زخمیوں میں پنجاب حکومت کی طرف سے امدادی چیک تقسیم کئے۔رکن صوبائی اسمبلی ملک افتخار ، سابق ایم پی اے چوہدری محمد ایاز اور ڈی سی او نے فردا فردا زخمیوں کی عیادت کی اور 75ہزار روپے فی کس کے حساب سے ان کو امدادی چیک پیش کئے۔

انہوں نیزیر علاج 15 زخمیوں میں چیک تقسیم کئے۔ اس موقع پر اے ڈی سی جی طلعت محمود گوندل ،اے سی کینٹ نازیہ پروین سدھن اور ہسپتال انتظامیہ کے حکام بھی موجود تھے رکن صوبائی اسمبلی ملک افتخار اور سابق ایم پی اے چوہدری محمد ایاز نے اس موقع پر وزیر اعلی محمد شہباز شریف کی طرف سے زخمیوں کو ان کی جلد صحت یابی کے حوالے سے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا اور کہاکہ دہشتگردوں کی کاروائیوں سے قوم کے حوصلے پست نہیں ہوں گے اور پوری قوم متحد ہو کر دہشتگردی کا مقابلہ کرتی رہے گی ۔

(جاری ہے)

ملک افتخار نے کہا کہ ہمارا ملک اور عوام گذشتہ کئی سالوں سے دہشتگردی کا سامنا کر رہا ہے اور اس میں ملک دشمن عناصر کا ہاتھ ہے جو پاکستان کو نقصان پہنچانے کے درپے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ہمارے سیکیورٹی فورسز کے جوانوں اور معصوم شہریوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ سابق ایم پی اے چوہدری محمد ایاز نے اس موقع پر کہا کہ آر اے بازار کے خود کش دھماکے میں ہونے والے جانی نقصان پرجتنا بھی افسو س کیا جائے کم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم دہشتگردی کی مذمت کرتی ہے اور اس امر پر متفق ہے کہ دہشتگردوں کی کاروائیوں اور عزائم کو اتحادو اتفاق کے ساتھ ناکام بنایا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :