دہشت گردی کے خاتمے کے لئے پوری قوم کو متحد ہونا پڑے گا، عمران خان،دہشتگردوں کی کاروائیوں سے قوم کے حوصلے پست نہیں ہوں گے، پوری قوم متحد ہو کر دہشتگردی کا مقابلہ کرتی رہے گی،سی ایم ایچ ہسپتال میں آر اے بازار بم دھماکہ کے زخمیوں کے عیادت کے موقعہ پر گفتگو

بدھ 22 جنوری 2014 06:39

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔22جنوری۔2013ء)تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لئے پوری قوم کو متحد ہونا پڑے گا پاکستان کی سلامتی کے لئے لڑی جانے والی اس جنگ میں قربانیاں دینے والے قابل تحسین ہیں ،دہشتگردوں کی کاروائیوں سے قوم کے حوصلے پست نہیں ہوں گے اور پوری قوم متحد ہو کر دہشتگردی کا مقابلہ کرتی رہے گی ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزسی ایم ایچ ہسپتال میں آر اے بازار بم دھماکہ کے زخمیوں کے عیادت کے موقعہ پر گفتگو کرتے ہوئے کیا ان کے ہمراہ حلقہ پی پی 9کے ایم پی اے آصف محمود بھی تھے ۔عمران خان نے کہا کہ ہمارے سیکیورٹی فورسز کے جوانوں اور معصوم شہریوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ آر اے بازار کے خود کش دھماکے میں ہونے والے جانی نقصان پرجتنا بھی افسو س کیا جائے کم ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پوری قوم دہشتگردی کی مذمت کرتی ہے اور اس امر پر متفق ہے کہ دہشتگردوں کی کاروائیوں اور عزائم کو اتحادو اتفاق کے ساتھ ناکام بنایا جائے گا۔ اس موقعہ پر گفتگو کرتے ہوئے ایم پی اے آصف محمود نے کہا کہ دہشت گردوں نے راولپنڈی کو اپنا ٹارگٹ بنا لیا ہے لیکن ہم اور عوام سب مل کر ان کے عزائم خاک میں ملا دیں گے قوم کو دہشت گردی کے خلاف قربانیاں دینے والے بہادر سپوتوں پر فخر ہے انہوں نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے دعا کی ۔

متعلقہ عنوان :