ملک میں امن و امان کا قیام حکومت کی اولین ترجیح ہے‘ نواز شریف،متحد ہوکر مربوط کوششوں سے مطلوبہ نتائج حاصل کرسکتے ہیں‘ یوسف رضا گیلانی اور سلمان تاثیر کے بیٹوں کی بازیابی کیلئے انٹیلی جنس اداروں کو ہدایات جاری کردی ہیں،وزیراعلی بلوچستان کی قیادت میں وفد سے ملاقات میں گفتگو

بدھ 22 جنوری 2014 06:34

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔22جنوری۔2013ء) وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ ملک میں امن و امان کا قیام حکومت کی اولین ترجیح ہے‘ متحد ہوکر مربوط کوششوں سے مطلوبہ نتائج حاصل کرسکتے ہیں‘ یوسف رضا گیلانی اور سلمان تاثیر کے بیٹوں کی بازیابی کیلئے انٹیلی جنس اداروں کو ہدایات جاری کردی ہیں۔ وہ منگل کو وزیراعلی بلوچستان کی قیادت میں وفد سے گفتگو کررہے تھے جس نے ایوان وزیراعظم میں وزیراعظم میاں محمد نواز شریف سے ملاقات کی۔

پارلیمانی وفد میں مسلم لیگ (ق) کے مشاہد حسین سید‘ عوامی نیشنل پارٹی کے حاجی عدیل اور جے یو آئی (ف) کے مولانا عبدالغفور حیدر سمیت دیگر شامل تھے۔اس موقع پر وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ملک میں امن وامان قائم کرنا حکومت کی پہلی ترجیح ہے، ملکی سلامتی کیلئے مشترکہ لائحہ عمل اور موٴثر حکمت عملی اپنا رہے ہیں اور قیام امن کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ یوسف رضا گیلانی اور سلمان تاثیر کے بیٹوں کے اغواپر بھی سخت تشویش ہے، دونوں کی بازیابی کے لیے انٹیلی جنس اداروں کو ہدایات جاری کی ہیں۔ مغویوں کی بازیابی کے لیے حکومت کوئی کسر نہیں چھوڑے گی۔ وزیراعظم نے بلوچستان میں اغواء برائے تاوان کی بڑھتی ہوئے وارداتوں پر اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا کہ صوبے سے اغواء برائے تاوان کی لعنت کو ختم کرنا ہوگا۔

اے این پی کے راہنماء کی بازیابی کیلئے حکومت مکمل تعاون کرے ،اس موقع پر وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک کا کہنا تھاکہ ہم سب دہشت گردوں کے خلاف ہیں اور انہیں متحد ہو کر سخت پیغام دینا چاہتے ہیں جب کہ حکومت کی بدامنی کے خلاف پالیسی پر مکمل عملدرآمد کریں گے۔ وزیراعلی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک نے دہشت گردی کیخلاف حکومتی پالیسی کو سراہتے ہوئے کہا کہ بلوچستان حکومت دہشت گردی کیخلاف حکومتی پالیسی کی مکمل حمایت کی یقین دہانی کراتی ہے۔ انہوں نے بلوچستان میں اغواء برائے تاوان کی بڑھتی ہوئی وارداتوں سے متعلق وزیراعظم کو اگاہ کرنے کیساتھ ساتھ عوامی نیشنل پارٹی کے راہنماء عبد الطاہر کانسی کی بازیابی کیلئے بھی وزیراعظم سے درخواست کی۔