ملک کو پولیو سے پاک کرنے تک انسداد پولیو مہم جاری رکھی جائے گی، عزم کو متزلزل نہیں کیا جا سکتا،صوبائی حکومت پولیو ورکرزکو مناسب سیکورٹی فراہم کرے،صدرممنون حسین، ملک میں امن وامان برقرار رکھنا حکومت کی اولین ترجیح ہے،پولیو ورکرز پر حملے بزدلانہ وملک دشمن کاروائیاں ہیں ،وزیر اعظم نوازشریف

بدھ 22 جنوری 2014 06:30

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔22جنوری۔2013ء ) صدر ممنون حسین نے ملک کو پولیو سے پاک کرنے تک انسداد پولیو مہم جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے ،جبکہ وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ ملک میں امن وامان برقرار رکھنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔منگل کو ایک بیان میں صدر نے کراچی میں پولیو ورکرز پر حملے کی مذمت کی اور کہا کہ ایسے حملوں سے اس مرض پر قابو پانے اور ملک کو پولیو سے پاک کرنے کے عزم کو متزلزل نہیں کیا جا سکتا۔

صدرنے صوبائی حکومت پرزوردیا کہ وہ پولیو ورکرز کے تحفظ کیلئے مربوط اقدامات کرے تاکہ وہ کسی خطرے اور رکاوٹ کے بغیر اپنا کام کر سکیں۔وزیراعظم نواز شریف اورصحت کی وزیر مملکت سائرہ افضل تارڑ نے بھی پولیو ورکرز پر حملوں کی مذمت کی ہے۔ادھرقطر کے لئے نامزد سفیر شہزاد احمد نے منگل کو اسلام آباد میں صدر ممنون حسین سے ملاقات کی ،صدر نے نامزد سفیر سے کہا کہ وہ پاکستان اور قطر کے درمیان اقتصادی تعلقات کے فروغ کے لئے کام کریں۔

(جاری ہے)

دوسری جانب وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک کی قیادت میں پارلیمانی وفد سے باتیں کرتے ہوئے وزیراعظم نے امن وامان برقرار رکھنے کے لئے مربوط اقدامات پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ پولیو رکرز پر حملے بزدلانہ اور ملک دشمن کاروائیاں ہیں جن کی شدید مذمت کرتے ہیں۔نواز شریف نے اے این پی کے رہنماء ارباب عبدالظاہر کانسی کے اغواء برائے تاوان کے واقعے پر گہری تشویش ظاہر کی اور وفد کو یقین دلایا کہ وہ ان کی بازیابی کے لئے ذاتی دلچسپی لیں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ انہیں سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اور مرحوم گورنر سلمان تاثیر کے بیٹوں کے اغواء پر بھی تشویش ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ تمام خفیہ اداروں کے سربراہوں کو ہدایت دیں گے کہ وہ ان کی جلد بازیابی کے لئے مربوط اقدامات کریں۔وزیراعلیٰ بلوچستان نے دہشتگردی کے خلاف حکومت کی پالیسی کی مکمل حمایت کی۔انہوں نے اے این پی کے رہنماء ارباب عبدالظاہر کانسی کی بازیابی اور صوبے سے اغواء برائے تاوان کے خاتمے کے لئے وزیراعظم سے مدد طلب کی۔

متعلقہ عنوان :