مسلم لیگ ن کی حکومت نے تین بار وزارت عظمیٰ ،چھ دفعہ پنجاب میں حکومت کی تجربہ ہونے کے باوجود ملک کے لئے کچھ نہ کر سکی ،عمران خان،موجودہ آٹھ مہینوں کے اندر کوئی بھی بہتری نظر نہیں آرہی ، عوام کے ہاتھوں سے روزگار بھی چھینا جا رہا ہے، نواز شریف نے تو کوئی قدم نہ اٹھایا ، پاکستان تحریک انصاف نے نیٹو سپلائی بند کر دی ہے ، قوم کو امریکہ کی غلامی سے نجات دلائیں گے، اگر حکمران عوام اور ملک کے ساتھ مخلص ہیں تو بیرون ممالک میں رکھی رقم کو پاکستان لیکر آئیں،حلقہ این اے 69کے ضمنی انتخابات کے سلسلہ میں گراؤنڈ مویشی منڈی میں خطاب

منگل 21 جنوری 2014 05:30

قائدآباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔21جنوری۔2013ء) پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کی حکومت نے تین بار وزارت عظمیٰ اورچھ دفعہ پنجاب میں حکومت کی تجربہ ہونے کے باوجود ملک کے لئے کچھ نہ کر سکی ،موجودہ آٹھ مہینوں کے اندر کوئی بھی بہتری نظر نہیں آرہی بلکہ عوام کے ہاتھوں سے روزگار بھی چھینا جا رہا ہے۔میاں نواز شریف نے تو کوئی قدم نہ اٹھایا لیکن پاکستان تحریک انصاف نے نیٹو سپلائی بند کر دی ہے جو اس وقت تک بند رہے گی جب تک ڈرون حملے مکمل طور پر رک نہیں جاتے ، اس قوم کو امریکہ کی غلامی سے نجات دلائیں گے، اگر حکمران عوام اور ملک کے ساتھ مخلص ہیں تو بیرون ممالک میں رکھی رقم کو پاکستان لیکر آئیں۔

حلقہ این اے 69کے ضمنی انتخابات کے سلسلہ میں گراؤنڈ مویشی منڈی میں خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا ہے کہ آج میں بھی آیا ہوا ہوں اور دوسری طرف پٹواریوں اور سکول ٹیچروں کی مدد سے بھی جلسہ کیا جا رہا ہے انھوں نے کہا کہ اس قوم کو ہمیشہ غلاموں کی طرح سمجھا ہے انگریز کی غلامی سے نکلے تو امریکہ کی غلامی میں دھونس دیا گیا ہے اس علاقہ نے پاکستان کے لئے بڑی قربانیاں دیں یہ علاقہ شہیدوں کا علاقہ ہے آج بھی اس علاقہ کے جوان فوج میں ملک و قوم کی خدمت کر رہے ہیں پچھلی حکومت میں بھی ہم امریکہ کی غلامی میں تھے جبکہ نواز شریف کے انتخابات سے پہلے دعوؤں کے باوجود آج ان کا رویہ دیکھ کر لگتا ہے کہ وہ بھی امریکہ کے سامنے بے بس ہو گئے ہیں لیکن پاکستان تحریک انصاف اس قوم کو امریکہ کی غلامی سے نجات دلائے گی آج اقوام متحدہ بھی کہہ رہی ہے کہ ڈرون حملے ناجائز ہیں اور اس میں بے گناہ لوگوں کا قتل عام ہو رہا ہے اس پر میاں نواز شریف نے تو کوئی قدم نہ اٹھایا لیکن پاکستان تحریک انصاف نے نیٹو سپلائی بند کر دی ہے جو اس وقت تک بند رہے گی جب تک ڈرون حملے مکمل طور پر رک نہیں جاتے ،انھوں نے کہا کہ اگر حکمران عوام اور ملک کے ساتھ مخلص ہیں تو ان کو چاہیے کہ بیرون ملک میں رکھی رقم کو پاکستان لیکر آئیں لیکن انہیں اس بات کی لالچ ہے کہ اگر ڈالر بڑھے گا تو انہیں فائدہ ہو گا جب کہ روپیہ گرنے سے پاکستانی عوام کا نقصان ہو تا ہے۔

(جاری ہے)

ہمارے حکمران چک ہیگل کے سامنے ہاتھ باندھ کر کھڑے ہو جاتے کہ کہیں یہ ان کے روپے روک نہ لے۔انھوں نے کہاکہ جس دن ہم نے بھیک مانگنا چھوڑ دیا اس دن ہماری قوم اپنے پاؤں پر کھڑا ہونا شروع ہو جائے گی انھوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت نے تین بار وزارت عظمیٰ جبکہ چھ دفعہ پنجاب میں حکومت کی لیکن تجربہ ہونے کے باوجود ملک کے لئے کچھ نہ کر سکی ،موجودہ آٹھ مہینوں کے اندر کوئی بھی بہتری نظر نہیں آرہی بلکہ ان تو عوام کے ہاتھوں سے روزگار بھی چھینا جا رہا ہے ۔

انھوں نے کہا کہ حکومت کے پی کے میں بجلی اور ڈسٹری بیوشن ہمارے حوالے کر دے میں وعدہ کرتا ہوں کہ ہم20فیصد تک بجلی کو سستی کریں گے اور چوری بھی روک کر دکھائیں گے انھوں نے کہا کہ تنخواہ دار اور دیہاڑی دار طبقہ بجلی کے بل جمع نہیں کروا سکتا ،کسان کہتے ہیں کہ بجلی تو نہیں آتی لیکن بل ہر دفعہ آجاتا ہے انھوں نے کہا کہ اقتدار کے لئے بڑے بڑے سیاسی لوٹے بن جاتے ہیں لیکن انہیں یہ نہیں پتہ کہ تبدیلی آنے والی نہیں بلکہ آچکی ہے آپ 23جنوری کو بلے پر مہر لگا کر ثابت کر دیں کہ عوام اب چوروں اور لٹیروں سے باغی ہے انھوں نے کہا کہ کے پی کے پہلی حکومت جس نے اپنے وزیروں کے خلاف کرپشن پر کاروائی کرتے ہوئے انہیں فارغ کیا،تحریک انصاف نے کے پی کے میں ہسپتالوں سکولوں کا نظام بہتر کیا ہے اور پٹواری کلچر کا خاتمہ کیا ہے آج ہائیکورٹ بھی کہہ رہی ہے کہ نادرہ کے چئیرمین کو ناجائز طریقے سے اتارا گیا جلسہ سے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 23جنوری خوشاب کے عوام کی غیرت کا دن ہے جاگیر دار اب عوام کا اپنے مفاد کے لئے استعمال نہیں کر سکیں گے انھوں نے کہا کہ عمران خان کو پاکستان بچانے کی آخری امید سمجھتا ہوں آج عمران اور میری وجی سے حمزہ شہباز خوشاب میں چوتھی بار آرہے ہیں لیکن عوام اب اپنا لیڈر چن چکی ہے23جنوری کو اگر عمر اسلم جیتا تو میں اگلے دن مٹھائی کھیلانے ضرور آؤں گااس موقع پر تحریک انصاف کے امیدوار عمر اسلم اعوان،گل اصغر بگھور، ایم این اے امجد خان،احمد خان بھچر، حسن اسلم،مسعود کنڈان،اکرم نیازی،نصر اللہ اتراء و دیگر موجود تھے