مستحق اور غریب افراد کی مدد کرنا ہر ذمہ دار شہری کا فرض ہے تاکہ وہ دولت اور عہدہ کی اللہ تعالیٰ کی دی ہوئی طاقت کو مثبت کاموں میں استعمال کرے،گورنر پنجاب ، معاشرے میں رواداری اور بھائی چارے کو فروغ ملے ہر آدمی دوسرے کے درد کو محسوس کرے اور قوم کے ہر بچے کو اپنا بچہ سمجھے اسی سے معاشرے میں مثبت تبدیلی آسکتی ہے ،صحافیوں سے گفتگو

پیر 20 جنوری 2014 05:24

چیچہ وطنی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔20جنوری۔2014ء)گورنرپنجاب چوہدری محمدسرور نے کہاہے کہ مستحق اور غریب افراد کی مدد کرنا ہر ذمہ دار شہری کا فرض ہے تاکہ وہ دولت اور عہدہ کی اللہ تعالیٰ کی دی ہوئی طاقت کو مثبت کاموں میں استعمال کرے ۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ معاشرے میں رواداری اور بھائی چارے کو فروغ ملے ہر آدمی دوسرے کے درد کو محسوس کرے اور قوم کے ہر بچے کو اپنا بچہ سمجھے اسی سے معاشرے میں مثبت تبدیلی آسکتی ہے ۔

وہ چیچہ وطنی میں رائے علی نواز فاؤنڈیشن ہسپتال کے دورہ کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کررہے تھے کہ اس موقع پر ممبر قومی اسمبلی رائے حسن نواز ، چوہدری منیر ازہر ،وزیراعلیٰ کے مشیر چوہدری محمدارشد جٹ ، سابق تحصیل ناظم چوہدری محمدطفیل ، ڈی سی او ڈاکٹر ساجد محمود چوہان، چیئرمین ایڈوائزی کمیٹی چوہدری امجد ظفر اور سماجی شخصیت شیخ محمد یونس بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ اداروں کی کامیابی اجتماعی محنت سے ہی ممکن ہے اور ادارے ٹیم ورک سے بنتے ہیں اس لیے ہر فرد کو چاہیے کہ وہ معاشرے میں مثبت تبدیلی اور سماجی خدمات کے لیے اپنی اپنی کوشش کرے ۔ انہوں نے کہاکہ دنیا نیلسن مینڈیلا کو اس لیے خراجِ تحسین پیش کرتی ہے کہ انہوں نے اپنے تمام مخالفین کو معاف کیا اور صحیح وقت پر اقتدار کو چھوڑا جوکہ مسلم امہ میں سب سے بڑی خامی ہے یہاں ہر شخص اپنے اقتدار کو ٹول دینے کے لیے جائز ناجائز ہتھ کنڈے استعمال کرتا ہے انہوں نے کہاکہ ہمارے لیے حضورﷺ کی زندگی مشعلِ راہ ہے جنہوں نے فتح مکہ کے موقع پر عام معافی کا اعلان کیا اور اپنی زندگی میں اسلام کو عرب کے طول و عرض تک دعوت و تبلیغ اور اپنے حسنِ سلوک سے پھیلایا ۔

اس سے پہلے گورنر چوہدری محمدسرور نے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال میں قائم ڈائیلاسز سنٹر کا دورہ کیا اور وہاں زیرِ علاج مریضوں کی عیادت کی انہیں بتایا گیا کہ سنٹر میں 16 ڈائیلاسز مشینیں کام کررہی ہیں جہاں روزانہ 32 مریضوں کا ڈائیلاسز کیا جاتا ہے انہوں نے سنٹر کو چلانے پر شیخ محمدیونس کے جذبے کو سراہا اور مخیر حضرات کو انہی کا جذبہ پیدا کرنے کی تلقین کی تاکہ تعلیم اور صحت کے شعبے میں عوام کو ریلیف فراہم کیا جاسکے۔

متعلقہ عنوان :