وزیر اعظم اور مشترکہ مفادات کونسل نے ملک میں چھٹی مردم شماری کی منظوری دیدی،معاملہ کابینہ کی منظوری کے بعد جلد پارلیمنٹ میں حتمی منظوری کے لیے پیش کردیا جائے گا،ذرائع

پیر 20 جنوری 2014 05:23

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔20جنوری۔2014ء ) وزیر اعظم اور مشترکہ مفادات کونسل نے ملک میں چھٹی مردم شماری کی منظوری دیدی ہے اور یہ معاملہ کابینہ کے اجلاس میں منظوری کے بعد جلد پارلیمنٹ میں حتمی منظوری کے لیے پیش کردیا جائے گا۔باخبر ذرائع نے خبر رساں ادارے کو بتایا کہ حکومت نے پہلے ہی طے کر لیا تھا کہ بلدیاتی انتخابات سے پہلے چھٹی مردم شماری کرائی جائے گی جس کے بعد ہی بلدیاتی انتخابات کرائے جائیں گے، یہی وجہ سے کہ پنجاب اور سندھ کی حکومتوں نے مسلسل بلدیاتی انتخابات سے گریز کی پالیسی کو اپنائے رکھا۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ ملک میں چھٹی مردم شماری کرانے کے لیے وزیر اعظم میاں نواز شریف اور مشترکہ مفادات کونسل نے مردم شماری کی منظوری دے دی ہے جبکہ کابینہ اور پارلیمنٹ سے منظوری لینا باقی ہے۔

(جاری ہے)

اس ضمن میں جب خبر رساں ادارے نے وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور شیخ آفتاب سے رابطہ کیا تو انہوں نے بھی اس امر کی تصدیق کی کہ مشترکہ مفادات کونسل کے قبل ازیں ہونیوالے اجلاس میں مردم شماری کرانے پر اتفاق کر لیا گیا تھا تاہم حکومت نے مالیاتی صورتحال کے باعث اس معاملہ کو اب تک اوپن نہیں کیا تھا۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ آئندہ کابینہ کے اجلاس منظور ی کے بعدیہ معاملہ پارلیمنٹ میں پیش کر دیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :