تحریک انصاف، جماعت اسلامی اور عوامی تحریک کا حکومتی پالیسیوں کیخلاف متحد ہونے کافیصلہ،دہشت گردی، امن و امان کی ابتر صورتحال، مہنگائی، بجلی و گیس کی لوڈشیڈنگ ولوڈ مینجمنٹ سمیت دیگر ایشوز پرعوام میں جانے کا فیصلہ ، تحریک انصاف کے جماعت اسلامی اور عوامی تحریک سے رابطے شروع

پیر 20 جنوری 2014 05:40

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔20جنوری۔2014ء)پاکستان تحریک انصاف، جماعت اسلامی اور عوامی تحریک پاکستان نے حکومتی پالیسیوں کیخلاف متحد ہونے کافیصلہ کرلیا، عنقریب حکومت کو ٹف ٹائم دیا جائیگا۔ باوثوق ذرائع نے ”خبر رساں ادارے“ کو بتایا کہ پاکستان تحریک انصاف نے بھرپور اپوزیشن کا کردار ادا کرنے کا فیصلہ کرلیاہے اور ملک میں جاری دہشت گردی، امن و امان کی ابتر صورتحال، مہنگائی، بجلی و گیس کی لوڈشیڈنگ ولوڈ مینجمنٹ سمیت دیگر ایشوز پرعوام میں جانے کا فیصلہ کیا اور اس سلسلے میں جماعت اسلامی اور عوامی تحریک سے بھی رابطے شروع کردیئے ہیں اور دونوں مذہبی سیاسی جماعتوں کی طرف سے تحریک انصاف کو مثبت جواب ملا ہے جس کے بعد متفقہ لائحہ عمل اپنایا جائیگااور ملک بھر میں حکومت کی پالیسیوں کے خلاف بھرپور احتجاج کیا جائیگا جبکہ پاکستان تحریک انصاف اور جماعت اسلامی قومی اسمبلی کے آمدہ اجلاس میں بھی ان ایشوز کو اٹھائیں گی اور شدید احتجاج ریکارڈ کرائیں گی ۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں جب ”خبر رساں ادارے“ نے پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹریٹ رابطہ کیا تو ایک سینئرعہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ حکومت کی دہشت گردی کے حوالے سے پالیسی پر سے ٹف ٹائم ضرور دینگے اس سلسلے میں کئی جماعتوں سے رابطے بھی ہوئے ہیں لیکن حتمی فیصلہ تحریک انصاف ہی کرے گی اور اس سلسلے میں کسی جماعت سے کوئی تعاون نہیں لیا جائیگا اگر عوام میں جانا بھی ہوا تو ہم اپنی جماعت کے پلیٹ فارم سے ہی جائینگے۔