پاکستان او ر بھارت کا دوطرفہ تجارت کو معمول پر لا کر انہیں وسعت دینے پر اتفاق ، تجارتی تعلقات کی بہتری کے لیے مل کر کام کیا جائے گا ، تجارتی ویزوں کے اجراء کو آسان بنایا جائے گا ،دونوں ملک ایک دوسرے کی منڈیوں تک رسائی کو آسان بنائینگے ، پاک بھارت وزراء تجارت ملاقات کے بعد مشترکہ اعلامیہ جاری ،واہگہ بارڈر24گھنٹے کھلا رہے گا،خرم دستگیر

اتوار 19 جنوری 2014 06:32

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔19جنوری۔2014ء) پاکستان اور بھارت نے دوطرفہ تجارتی تعلقات کو معمول پر لا کر انہیں وسعت دینے اور اس کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے سمیت باہمی تجارت کے فروغ کے لئے کئے گئے فیصلوں پر فروری 2014ء سے پہلے عملدرآمد کرنے پر اتفاق کیا ہے ، تجارتی ویزوں کے اجراء کو آسان بنانے سمیت آئندہ فروری کے وسط میں مشترکہ کاروباری فورم کا تیسرا اجلاس پاکستان میں منعقد کرانے پر بھی اتفاق کیا گیا ہے جبکہ بھارتی وزیر تجارت آنند شرما نے فروری میں پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت بھی قبول کرلی ہے ۔

ہفتے کے روز نئی دہلی میں سارک ملکوں کے کاروباری نمائندوں کی تین روزہ کانفرنس کے آخری روز پاکستان کے وزیر تجارت خرم دستگیر خان اور بھارتی وزیر تجارت آنند شرما کی جانب سے جاری کئے گئے مشترکہ اعلامیے کے مطابق پاکستانی وزیر تجارت بھارتی وزیر تجارت کی دعوت پر بھارت گئے جبکہ بھارتی وزیر تجارت نے بھی آئندہ ماہ فروری میں پاکستان آنے کی دعوت قبول کرلی ہے ۔

(جاری ہے)

مشترکہ اعلامیے میں دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی تعلقات کو معمول پر لانے کے عمل کو تیز اور تجارتی تعلقات کی بہتری کے لئے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے اس کے علاوہ ایک دوسرے کی منڈیوں تک رسائی میں آسانی اور دیگر امور پر بھی اتفاق کیا گیا ہے ۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ دونوں ممالک کے وزراء تجارت نے پاکستان بھارت معمول کے تجارتی تعلقات قائم کرنے ، پاکستان بھارت تعلقات کو معمول پر لانے کے عمل کو تیز کرنے ، دونوں ممالک کی منڈیوں تک بلااختیار رسائی پر اتفاق کیا ۔

دونوں ملکوں کے تجارتی تعلقات معمول پر لانے کے لیے طے پانے والے اقدامات پر رواں ماہ کے آخر تک عمل کیاجائے گا اور واہگہ اٹاری لینڈ کسٹم سٹیشن کو ہفتہ کے سات دن آپریشنل رکھنے پر بھی اتفاق کا اظہار کیا گیا ہے اور واہگہ اٹاری پر کارلو کی سہولت اور کاروباری ویزے میں آسانیاں پیدا کرنے اشیاء کی تجارت کے لیے واہگہ اٹاری کسٹم سٹیشن کے کھلے رہنے کے اوقات کار میں اضافے پر اتفاق کیا گیا ہے دونوں ملکوں کے کسٹم ریلوے اور بینکنگ پر مشتمل تکنیکی ورکنگ گروپ طریقہ کار طے کرینگے اجلاس میں یہ بھی طے پایا کہ سیشن کا تیسرا ا جلاس فروری کے وسط میں پاکستان میں ہوگا اور بھارتی وزیر تجارت آنند شرما فروری میں پاکستان آئینگے ۔

ادھروفاقی وزیر تجارت خرم دستگیرخان نے کہا ہے کہ پاکستان بھارت کے ساتھ تجارت میں اضافے کیلئے واہگہ بارڈر چوبیس گھنٹے کھلارکھے گا۔میڈیار پورٹ کے مطابق نئی دہلی کے دورے سے واپسی پر ہفتہ کی رات واہگہ بارڈر پر میڈیا سے باتیں کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ بھارتی ہم منصب کے ساتھ ان کی ملاقات کے دوران دونوں ملکوں نے برابری کی بنیاد پرمنڈیوں تک بلاامتیاز رسائی پررضامندی ظاہر کی۔

متعلقہ عنوان :