اسلام آباد،سیکورٹی سے متعلقہ امورپرپیشرفت کے جائزہ کیلئے پاک فرانس سیکورٹی کمیشن کااجلاس،دونوں اطراف سے متعلقہ شعبوں میں جاری باہمی تعاون پرتسلی بخش پیش رفت کااظہارکیاگیا

ہفتہ 18 جنوری 2014 03:45

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔18جنوری۔2014ء)سیکورٹی سے متعلقہ امورپرپیشرفت کاجائزہ لینے کیلئے پاک فرانس سیکورٹی کمیشن کااجلاس گزشتہ روزپیرس میں ہوا،دونوں اطراف سے سیکورٹی سے متعلقہ شعبوں میں جاری باہمی تعاون پرتسلی بخش پیشرفت کااظہارکیاگیا،سیکرٹری دفاع لیفٹیننٹ جنرل (ر)آصف یاسین ملک جوآج کل فرانس کے دارالحکومت کے چارروزہ دورے پرہیں نے چاررکنی سیکورٹی وفداورفرانس کی طرف سے وزارت دفاع اورقومی سیکورٹی کے سیکرٹری جنرل فرینکیوس ڈیلسن نے مذاکرات کے دوران معززوفودکی قیادت کی ۔

کمیشن 2011ء میں قائم کیاگیاتھاجوباہمی اہمیت کے سیکورٹی کے تمام امورپرمذاکرات کیلئے دونوں اطراف کے لئے مفیدپلیٹ فارم ثابت ہواہے ،کمیشن کے قیام کے وقت سے یہ اس کاتیسرااجلاس ہے ،مذاکرات میں دونوں اطراف نے محسوس کیاکہ سیکورٹی ڈائیلاگ کے تحت تعاون نے پاک فرانس دوستانہ تعلقات، امن اورسیکورٹی تعلقات مزیدمضبوط بنانے کاباعث ہواہے ۔

(جاری ہے)

انسداددہشتگردی سے متعلقہ امورکے ساتھ ساتھ مختلف علاقائی، سیکورٹی معاملات پربھی گفتگوکی گئی ،کمیشن کااگلااجلاس اگلے سال اسلام آبادمیں ہوگا۔فرانس میں پاکستان کے سفیرغالب اقبال ،مشن کے سینئرحکام اوروفدکے ممبران نے مذاکرات میں شرکت کی ۔اس سے پہلے سیکرٹری دفاع نے فرانس کی وزارت خارجہ کے سیکرٹری جنرل پیرے پلال اورفرانس کی وزارت دفاع کے اسٹرٹیجک ڈویژن کے ڈپٹی ڈائریکٹرجنرل ارک بونیسمن سے بھی ملاقاتیں کیں۔

متعلقہ عنوان :