امریکی نائب وزیر خارجہ ولیم برنز کی امریکہ میں نو منتخب پاکستانی سفیر جلیل عباس سے ملاقات،آئندہ ہونے والے سٹرٹیجک مذاکرات سمیت اہم علاقائی وعالمی امور پر تبادلہ خیال،پاکستان کے ساتھ تعمیری کام پر مبنی تعلقات کا فروغ موجودہ وقت کا تقاضا ہے، ولیم برنز،امریکہ کے ساتھ باہمی احترام پر مبنی تعلقات کے فروغ کے خواہاں ہیں،جلیل عباس جیلانی

ہفتہ 18 جنوری 2014 03:43

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔18جنوری۔2014ء)امریکی نائب وزیر خارجہ ولیم برنزنے امریکہ میں نو منتخب پاکستانی سفیرجلیل عباس جیلانی سے ملاقات کی اور دونوں ممالک کے درمیان آئندہ سٹرٹیجک مذاکرات سمیت اہم علاقائی وعالمی امور پر تبادلہ خیال کیا ۔

(جاری ہے)

غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق محکمہ خارجہ کے فوگی بوٹم ہیڈ کوارٹر میں ہونے والی دونوں عہدیداروں کی ملاقات کے دوران اتفاق کیا گیا کہ پاک امریکہ تعلقات میں پیشرفت کے لئے سٹرٹیجک مذاکرات تسلسل سے جاری رہنے چاہیے۔

اس موقع پر امریکی نائب وزیر خارجہ نے کہا کہ نو منتخب پاکستانی سفیر کی جانب سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی بہتری کے لئے تعمیری کردار کی توقع رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعیمری کام پر مبنی تعلقات کا فروغ وقت کا تقاضا ہے۔اس موقع پر پاکستانی سفیر نے بھی اپنی حکومت اور عوام کی جانب سے امریکہ کے لئے نیک پیغامات پہنچاتے ہوئے کہا کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ باہمی احترام پر مبنی تعلقات کے فروغ کا خواہاں ہے۔