پاک بھارت فوجی حکام کے درمیان ملاقات،کنٹرول لائن پر جنگ بندی معاہدے پر عملدرآمد اور کنٹرول لائن کی خلاف ورزیوں کو روکنے پر اتفاق ، بریگیڈئر لیول کے افسران کے درمیان کنٹرول لائن پر راولا کوٹ پونچھ سیکٹر میں ملاقات ہوئی

ہفتہ 18 جنوری 2014 03:34

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔18جنوری۔2014ء)پاکستان اور بھارت کی افواج نے کنٹرول لائن پر جنگ بندی معاہدے پر عملدرآمد اور کنٹرول لائن کی خلاف ورزیوں کو روکنے پر اتفاق رائے کیا ہے۔ یہ اتفاق رائے دونوں ملکوں کے فوجی حکام کے درمیان ہونے والی ملاقات میں کیا گیا ۔جمعہ کے روز پاکستان اور بھارت کے بریگیڈئر لیول کے افسران کے درمیان کنٹرول لائن پر راولا کوٹ پونچھ سیکٹر میں ملاقات ہوئی ۔

ملاقات میں کنٹرول لائن پر جنگ بندی معاہدے پر عملدرآمد کو یقینی بنانے اور کنٹرول لائن کی خلاف ورزیوں کو روکنے پر اتفاق رائے کیا گیا۔

(جاری ہے)

طرفین نے اس حوالے سے مزید اقدامات کرنے اور کنٹرول لائن پر نگرانی کے عمل کو موثر بنانے پر بھی تبادلہ خیال کیا ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں ملکوں کے فوجی حکام کے درمیان یہ ملاقات 24 دسمبر کو واہگہ بارڈر پر ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز کی ملاقات میں طے کئے گئے فیصلوں کا تسلسل ہے ۔

ڈی جی ملٹری آپریشن کے درمیان ملاقات میں پاک بھارت سرحد ورکنگ باؤنڈری اور لائن آف کنٹرول پر دونوں ملکوں کی درمیان پائے جانے والی کشیدگی کو دور کرنے کے لئے اقدامات کرنے پر اتفاق رائے کیا گیا تھا اور اس سلسلے میں باہمی روابط کو مستحکم بنانے پر اتفاق کیا گیا تھا۔