صدر سردار یعقوب کی آزاد کشمیر کو پاکستان کا چھٹا صوبہ قرار د ینے سے متعلق خبروں کی تردید،حکومتی سطح پر ایسی کوئی تجویز زیر غور نہیں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان اور مقبوضہ کشمیر اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق متنازعہ خطے ہیں،بیان

جمعہ 17 جنوری 2014 07:12

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔17جنوری۔2014ء)صدر آزاد جموں و کشمیر سردار محمد یعقوب خان نے سوشل میڈیا اور بعض اخبارات میں شائع ہونے والی خبروں کی سختی سے تردید کی ہے کہ آزاد کشمیر کو پاکستان کا چھٹا صوبہ قرار دیا جا رہا ہے۔ صدر آزا د کشمیر نے کہا کہ حکومتی سطح پر ایسی کوئی تجویز زیر غور نہیں۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان اور مقبوضہ کشمیر اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق متنازعہ خطے ہیں۔

جن کے مستقبل کا فیصلہ عوامی خواہشات کے مطابق ہونا ابھی باقی ہے ۔ صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ اگر ایسی کوئی تجویز ہوتی تو حکومت پاکستان پہلے اس حوالے سے کشمیری قیادت کے ساتھ صلاح مشورہ کرتی ۔ انہوں نے کہا کہ ایسی کوء بات قابل عمل نہیں۔ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کو صوبہ بنانے سے مسئلہ کشمیر کی حیثیت پر انتہائی منفی اثر پڑے گا۔

(جاری ہے)

اور ہمار ا کیس کمزور ہو جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ایسی خبروں سے مقبوضہ کشمیر میں جاری تحریک آزادی کو نقصان پہنچ سکتا ہے ۔ اس لیے ایسی خبروں سے گریز کیا جائے ۔ صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حتمی حل سے قبل کشمیر کی تمام اکائیوں کی موجودہ جغرافیائی حدود سے چھیڑنا درست نہیں ہو گا۔ اور کشمیری عوم ایسا کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دیں گے ۔ کیونکہ اس طرح کے کسی بھی اقدام سے مسئلہ کشمیر کی بنیادی حیثیت ختم ہو جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پاک بھارت دو طرفہ مذاکرات کے ذریعے حل ہونا ناممکن ہو چکا ہے ۔ اس لیے مسئلے کا بہترین حل اقوام متحدہ کی قرار دادیں ہی ہو سکتی ہیں ۔ ہمیں کسی صورت ان قرار دادوں کے برعکس کوئی فیصلہ نہیں کرنا چاہیے ۔