اسلام آباد،پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس ،پشاور تبلیغی مرکز پر دہشتگردی سمیت صوبے میں دہشتگردانہ کاروائیوں کی مذمت ،سابق ایس پی، سی آئی ڈی چودھری اسلم اور اعتزاز حسن کو زبردست خراج تحسین

جمعہ 17 جنوری 2014 07:27

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔17جنوری۔2014ء)پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس ،پشاور تبلیغی مرکز پر دہشتگردی سمیت صوبے میں دہشتگردانہ کاروائیوں کی مذمت جبکہ سابق ایس پی سی آئی ڈی کراچی چودھری اسلم اور جان کا نذرانہ پیش کر کے ہنگو خودکش دھماکہ ناکام بنانے والے اعتزاز حسن کو زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا۔روز بڑھتی ہوئی مہنگائی اور دہشتگردی کے واقعات پر حکومت کے خلاف مہم چلانے کا فیصلہ کر لیا گیا،ذرائع۔

تفصیلات کے مطابق جمعرات کی شب پاکستان تحریک انصاف کی سینٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی( سی ای سی) کا اہم اجلاس اسلام میں پارٹی چیف عمران خان کی زیر صدارت منعقد ہوا۔اجلاس میں پارٹی صدر مخدوم جاوید ہاشمی،وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی،سیکرٹری جنرل جہانگیر ترین، ایڈیشنل سیکرٹری جنرل سیف اللہ نیازی، وزیر اعلی خیبرپختونخواہ پرویز خٹک و دیگر اہم پارٹی راہنماوٴں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں چودھری اسلم اور اعتزاز حسن کو بہادری کے کارناموں اور جام شہادت نوش کرنے پر خراج عقیدت پیش کیا گیا۔اجلا س میں دہشتگردی کے واقعات کی شدید مذمت کی گئی اور ان واقعات میں شہید ہونے والوں کی بلندی درجات کے لئے دعا کی گئی۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں آل پارٹیز کانفرنس کی سفارشات کی نتیجے میں وفاقی حکومت کے اقدامات بارے بھی بحث ہوئی اور تمام سیاسی جماعتوں کی جانب سے مینڈیٹ دیئے جانے کے باوجود دہشتگردی کو کنٹرول کرنے میں وفاق کی ناکامی پر بھی اظہار تشویش کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق ملک میں مہنگائی کی شرح میں اضافے پر بھی غور کیا گیا اور اس بات کا فیصلہ کیا گیا کہ تحریک انصاف بڑھتی ہوئی مہنگائی، اندرونی و بیرونی قرضوں اور دہشتگردی کے واقعات میں اضافے پر نہ صرف حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا جائے گا بلکہ مہنگائی کے ساتھ ساتھ ان واقعات کے بارے بھی باقاعدہ مہم کا آغاز کیا جائے گا۔