پاک فضائیہ کا فائٹر معراج طیارہ پھالیہ کے نزدیک آگ لگنے کی وجہ سے فضا میں پھٹ گیا،دو مرد مجاہد جوانوں نے جام شہادت نوش کر لیا

جمعہ 17 جنوری 2014 07:25

سرگودہا ‘پھالیہ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔17جنوری۔2014ء) اے مرد مجاہد جا گ ذرا اب وقت شہادت ہے آیا پاکستان ایئر فورس کا فائٹر معراج طیارہ پھالیہ کے نزدیک آگ لگنے کی وجہ سے فضا میں پھٹ گیا ۔قوم کے دو مرد مجاہد جوانوں نے جام شہادت نوش کیا ۔تفصیلات کے مطابق پاکستان ایئر فورس کا فائٹر معراج طیارہ معمول کی تربیت پر سرگودھا سے اڑا جب تحصیل پھالیہ کے گاؤں فرخ پور بھٹیاں کے نزدیک دریائے چناب کے کنارے پہنچا تو انجن میں فنی خرابی پیدا ہونے کی وجہ سے اچانک آگ بھڑک اٹھی فائٹر معراج طیارہ میں موجود ونگ کمانڈر جمال اکبر آفریدی اور فلائنگ آفیسر سعد سلیمان نے اپنے امدادی اوزاروں کے ذریعے آگ پر قابو پانے کی بھر پور کوشش کی مگر ناکام رہے اور طیارہ کا رخ آبادی کی طرف تھا مگر دونوں مرد مجاہدوں کی اعلی سوچ کی وجہ سے وہ اس کا رخ آبادی سے کھلی فضا میں موڑنے میں کامیاب ہو گئے۔

(جاری ہے)

اور یوں آن کی آن میں طیارہ میں آگ بھڑک اٹھی جس کی وجہ سے طیارہ ٹکڑے ٹکڑے ہو کر کئی کلو میٹر تک بکھر گیا جبکہ اسکا انجن دریائے چناب میں جا گر ا اور یوں دونوں مرد مجاہد جمال اکبر آفریدی اور فلائنگ آفیسر سعد سلیمان نے جام شہادت نوش کر دیا ان کی نعشوں کے ٹکڑے ٹکڑے ہو گئے مگر اپنی اعلی ظرفی کی وجہ سے انہوں نے سینکٹروں کی آبادی کو برباد ہونے سے بچا لیا ۔

طیارے کا ملبہ 20 ایکڑ سے زیادہ رقبہ پر ٹکڑوں کی صورت میں پھیل گیا ۔یہ خبر پورے علاقہ میں جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی ۔حادثہ کی اطلاع ملتے ہی ضلع بھر کی انتظامیہ اور تحصیل پھالیہ کی انتظامیہ کے آفیسر ز موقع پر پہنچ گئے اور امدادی کام کا جائزہ لیا جبکہ ایئر فورس کے فلائٹ سرجن ڈاکٹر اویس اور ڈاکٹر غضنفر فلائٹ سرجن ایک ہیلی کاپٹر کے ذریعہ اپنی ٹیم کے ہمراہ جائے وقوعہ پر فوری ابتدائی طبی امداد کے لئے پہنچ گئے اور دونوں شہدا کی نعشیں ہیلی کاپٹر کے ذریعہ سرگودھا کینٹ لے گئے ۔

جبکہ محکمہ صحت ضلع منڈی بہاوالدین کی طرف سے ڈسٹرکٹ آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر ضیا ء اللہ صدیقی ،ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ،تحصیل میونسپل آفیسر پھالیہ اسسٹنٹ کمشنر پھالیہ ڈی ایس پی پھالیہ اور 1122کا عملہ بھی فوری طور پر پہنچ گیا ۔