طالبان سے مذاکرات کا فیصلہ متفقہ ہے،اپوزیشن طالبان سے مذاکرات میں مثبت کردار ادا کرے،امن قائم کرنا حکومتوں کی ذمہ داری ہے،پرویز رشید

جمعہ 17 جنوری 2014 07:23

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔17جنوری۔2014ء)وفاقی وزیراطلاعات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ طالبان سے مذاکرات کا فیصلہ تمام مذہبی وسیاسی جماعتوں کا متفقہ فیصلہ ہے،اپوزیشن کو تنقید کے بجائے حکومت کا ساتھ دینا چاہئے،وزیراعظم مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس جلد بلائیں گے،میڈیا رپورٹس کے مطابق وفاقی وزیر نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کی حکومت پاکستان میں امن کے قیام کیلئے طالبان سے مذاکرات میں سنجیدہ ہے،اے پی سی میں تمام سیاسی جماعتوں نے متفقہ فیصلہ کیا تھا کہ مذاکرات کے ذریعہ دہشتگردی کو ختم کیا جائے،انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو حکومت پر تنقید کے بجائے طالبان سے مذاکرات میں مثبت کردار ادا کرنا چاہئے،حکومت قوم کو امن اور تحفظ دینے میں سنجیدہ اقدامات کررہے،وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم جلد ہی مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس بلائیں گے،امن قائم کرنا حکومتوں کی ذمہ داری ہے،انہوں نے کہا کہ طالبان کی طرف سے دھماکوں کی مذمت خوش آئند ہے،اگر وہ بھی مذمت کریں تو دھماکوں میں کمی آجائے گی،پشاور دھماکوں کے پیچھے قوتوں کو بے نقاب کرنا ہوگا اور امن کے لئے ہر محب وطن کو مرکزی کردار ادا کرنا چاہئے