اپنی بساط کے مطابق چوہدری اسلم اور ان کے شہید ساتھیوں کے سفاکانہ قتل کی سازش سے پردہ اٹھانے کی کوشش کرتا رہوں گا،الطاف حسین، نتائج کی پرواہ کیے بغیر سچ بولتارہوں گا، چوہدری اسلم شہیدکی بیوہ سے ٹیلی فون پرگفتگو

جمعرات 16 جنوری 2014 03:47

لندن(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔16جنوری۔2013ء)متحدہ قومی موومنٹ کے قائدالطاف حسین نے کہاہے کہ میں اپنی بساط کے مطابق چوہدری اسلم شہید اور ان کے شہید ساتھیوں کے سفاکانہ قتل کی سازش سے پردہ اٹھانے کی کوشش کرتا رہوں گااور نتائج کی پرواہ کیے بغیر سچ بولتارہوں گا۔ یہ بات انہوں نے چوہدری اسلم شہیدکی بیوہ نورین اسلم سے ٹیلی فون پرگفتگو کرتے ہوئے کہی۔

الطاف حسین نے چوہدری اسلم کی شہادت پر محترمہ نورین اسلم سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہار کیااورانہیں صبرکی تلقین کی۔ الطاف حسین نے شہید کی بیوہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ آپ نے چوہدری اسلم کی المناک شہادت کے بعدآزمائش کی اس گھڑی میں جس طرح ہمت وجرات اور صبروتحمل کا مظاہرہ کیا ہے وہ ایک مثال ہے ۔میری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ آپ کے حوصلے اور صبر کو مزید طاقت عطا فرمائے اور آپ کا ایک ایک لمحہ چوہدری اسلم شہید کی روح کیلئے تسکین کا باعث بنے ۔

(جاری ہے)

الطاف حسین نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ چوہدری اسلم شہید اور ان کے دیگر شہید ساتھیوں کو کروٹ کروٹ جنت نصیب فرمائے، تمام سوگوارلواحقین کو صبرجمیل عطا کرے اور محکمہ پولیس کے دیگر افسران واہلکاروں کو بھی دہشت گردوں سے مقابلہ کرنے کیلئے وہی ہمت وحوصلہ عطافرمائے جوچوہدری اسلم شہید کو عطا فرمایاتھا۔محترمہ نورین اسلم نے الطاف حسین سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ چوہدری اسلم شہید نے ملک وقوم کی خاطر اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا ہے اور میں اپنے بہادر شوہر کا نام زندہ وجاوید رکھوں گی ۔

انہوں نے کہاکہ دکھ کی اس گھڑی میں آپ اور آپ کی جماعت نے جس طرح ہمارا ساتھ دیا ہے اس سے ہمیں مزیدہمت اور حوصلہ ملا ہے ۔ آپ دعا کریں کہ میں اپنی ہمت وحوصلہ برقراررکھ سکوں اور اپنے شہید شوہر کا مشن جاری رکھ سکوں۔