چوہدری نثار پارلیمنٹ میں اپنے ساتھیوں کوساتھ لے کر نہیں چل سکتے وہ طالبان سے کیا مذاکرات کریں گے؟،خورشید شاہ ،چوہدری نثار کو ماننا پڑے گا وہ ایک ناکام وزیر داخلہ ہیں، طالبان اور ن لیگ آپس میں بھائی بھائی ہیں، جمہوریت کی مضبوطی کیلئے آصف زرداری نے عدالت میں خود کو پیش کیا، حکومت کی ذمہ داری ہے وہ مشرف کیساتھ قانونی تقاضے پورے کرے،میڈیا سے گفتگو

جمعرات 16 جنوری 2014 04:02

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔16جنوری۔2013ء) قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور پاکستان پیپلزپارٹی کے سینیئر رہنماء سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ جمہوریت کو مضبوط کرنے کیلئے سابق صدر آصف علی زرداری نے عدالت میں خود کو پیش کیا پاکستان پیپلزپارٹی نے ہمیشہ عدالتوں کا احترام کیا ہے اور ان کے فیصلوں کو مقدم سمجھا حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ پرویز مشرف کے ساتھ قانونی تقاضے پورے کرے۔

ان خیالات کا اظہار بدھ نے بدھ کے روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر داخلہ ابھی تک خود کو اپوزیشن لیڈر سمجھتے ہیں اور پارلیمنٹ ہاؤس میں ہٹ دھرمی کی وجہ سے جمہوری عمل میں رکاوٹ بن رہے ہیں۔ اپوزیشن احتجاج کا حق رکھتی ہے اور وہ حکومت کو غلط کام کرنے پر جمہوری طریقے سے روکے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی نے اپنے دور حکومت میں الیکشن اصلاحات لے آئی تھی جس کے ذریعے تین کروڑ 80 لاکھ جعلی ووٹ ختم کئے ووٹر لسٹ میں فوٹو اور ڈبلنگ ختم کی اٹھارہویں ترمیم اور دیگر آئین کی ترمیم میں ہم نے جمہوریت کو مضبوط کیا اور نہ کبھی ہماری حکومت نے اس بات کا کریڈٹ لینے کیلئے اخبار اشتہارات دیئے۔

پاکستان پیپلزپارٹی نے بے نظیر انکم سپورٹ کے تحت غریبوں کی مدد کا فول پروف نظام متعارف کروایا جبکہ ن لیگ نے لیپ ٹاپ کے سکیم کے تحت عوام کو بے وقوف بنایا انہوں نے کہا کہ لیپ ٹاپ سکیم کے ذریعے عوام کی بھوک کو ختم نہیں کیا جاسکتا چوہدری نثار طالبان سے مذاکرات کی ناکامی اور چھپانے کیلئے چور مچائے شور کے مصداق کام کررہے ہیں جبکہ اے پی سی میں اپوزیشن نے حکومت کے ہر فیصلے کی حمایت کی تھی۔

چوہدری نثار کو ماننا پڑے گا کہ وہ ایک ناکام وزیر داخلہ ہیں۔ طالبان اور ن لیگ آپس میں بھائی بھائی ہیں جبکہ چوہدری نثار پارلیمنٹ کے اندر اپنے ساتھی رہنماؤں کو لے کر نہیں چل سکتے وہ طالبان سے کیا مذاکرات کریں گے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عمران خان نیٹو سپلائی کی بندش کا شور مچا رہے ہیں جبکہ پاکستان پیپلزپارٹی نے سلالہ چیک پوسٹ پر حملے کے ردعمل میں سات ماہ نیٹو سپلائی بند رکھی۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں توانائی بحران موجودہ حکومت کی کمزور پالیسیوں کی وجہ سے پیدا ہوا گیس اپوزیشن چوری کرکے گھر نہیں لے کر جاتی۔ سوات میں فوجی چھاؤنی کے قیام پر انہوں نے کہا کہ فوج اور عوام میں دوستی بڑھے گی اور امن کے قیام کی نئی راہیں کھلیں گی۔