بلدیاتی انتخابات کیلئے سندھ اور پنجاب میں امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منسوخ ،فیسیں بحال رہیں گی،الیکشن کمیشن کے اجلاس میں فیصلے،بلدیاتی انتخابات کا نیا شیڈول قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد جاری کرنے کا فیصلہ، خیبر پختونخواہ حکومت کو بھی بلدیاتی انتخابات میں التواء کیلئے سپریم کورٹ کا راستہ دکھا دیاگیا،خیبر پختو نخوا حکومت نے بلدیاتی انتخابات مارچ میں کرانیکی درخواست دیدی

جمعرات 16 جنوری 2014 04:00

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔16جنوری۔2013ء)الیکشن کمیشن آف پاکستان نے بلدیاتی انتخابات کیلئے سندھ اور پنجاب میں امیدواروں کی جانب سے جمع کرائے گئے کاغذات نامزدگی منسوخ کردئیے ہیں تاہم فیسیں بحال رہیں گی اور فیصلہ کیا ہے کہ بلدیاتی انتخابات کا نیا شیڈول قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد جاری کیا جائے گااور خیبر پختونخواہ کی صوبائی حکومت کو بھی بلدیاتی انتخابات میں التواء کیلئے سپریم کورٹ کا راستہ دکھا دیا ہے ۔

بدھ کو مرکزی الیکشن کمیشن کا اجلاس ہوا جس میں بلدیاتی انتخابات کے عمل کا جائزہ لیا گیا،ایڈیشنل سیکرٹری الیکشن کمیشن شیرافگن نے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اجلاس میں بلدیاتی انتخابات کے عمل کا جائزہ لیا گیا اور اس میں فیصلہ کیا گیا کہ بلدیاتی انتخاباتی عمل کو روک دیا جائے،سندھ اور پنجاب میں بلدیاتی امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منسوخ کردئیے گئے ہیں جبکہ ان کی فیسیں بحال رہیں گی،انہوں نے کہا کہ کنٹونمنٹ بورڈز میں انتخابات کیلئے قانون سازی مکمل نہیں ہے،صوبہ خیبرپختونخوا کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سپریم کورٹ سے رجوع کرکے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے مزید تاریخ لے،انہوں نے کہا کہ صوبہ خیبرپختونخوا اور کنٹونمنٹ میں بلدیاتی انتخابات تاخیر کا شکار ہیں،صوبہ خیبرپختونخوا حکومت نے مارچ تک بلدیاتی انتخابات کرانے کا وقت مانگا،جس پر الیکشن کمیشن نے انہیں سپریم کورٹ کی راہ دکھائی کہ عدالت سے مزید وقت مانگے،انہوں نے کہا کہ صوبائی خیبرپختونخوا کی حکومت حلقہ بندیوں اور قانونی تقاضے پورے کرکے جتنا جلدی ممکن ہو فروری میں شیڈول جاری کرے،انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن صوبہ خیبرپختونخوا میں بائیومیٹرک سسٹم کے امور کا بھی جائزہ لیا تاہم اس پر کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا،بائیومیٹرک نظام پر ڈیڑھ ارب روپے کے اخراجات درکار ہیں اور الیکشن کمیشن اخراجات سمیت تمام معاملات کا جائزہ لے رہا ہے،انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں انتخابی عمل کا جائزہ لیا گیا ہے،نئے قانون کے تحت نئے الیکشن شیڈول جاری ہوں گے اور سندھ اور پنجاب میں پرانے شیڈول کو منسوخ کردیاگیا ہے اور بلدیاتی انتخابات میں سندھ اور پنجاب کے امیدواروں کے کاغذات دوبارہ جمع ہوں گے لیکن ان کی فیس پہلے والی بحال رہے گی،انہوں نے کہا کہ صوبہ خیبرپختونخوا میں بلدیاتی الیکشن مارچ کے آخر میں متوقع ہیں۔

(جاری ہے)

جبکہ خیبر پختونخوا حکومت نے بھی صوبے میں بلدیاتی انتخابات فروری سے بڑھا کر مارچ میں کروانے کی درخواست الیکشن کمیشن کو دے دی ہے ، جس پر الیکشن کمیشن نے صوبائی حکومت کو سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کی ہدایت کی ہے۔ میڈیارپورٹس کے مطابق خیبر پختونخوا کے چیف سیکریٹری نے الیکشن کمیشن اجلاس میں مو قف اپنایا کہ فروری میں بلدیاتی انتخابات نہیں کرواسکتے ، مارچ کے آخری ہفتے میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد ممکن ہے ، اس معاملے پر الیکشن کمیشن نے کے پی کے حکومت کو سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کی ہدایت کی ہے ، ایڈیشنل سیکریٹری الیکشن کمیشن شیر افگن نے بتایا کہ خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات میں بائیو میٹرک سسٹم کے استعمال کا فیصلہ آیندہ اجلاس تک موخر کردیا گیا ، انہوں نے کہاکہ اسلام آباد اور کنٹونمنٹ ایریاز میں بلدیاتی انتخابات کے لیے قانون سازی مکمل نہیں۔